شادی یا دولت کی نمائش | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اس شادی کو اس صدی کی عظیم الشان شادی کہا جا رہا ہے اور اسکی تقریبات سے جس آن بان کی توقع کی جا رہی تھی اس پر پوری اتری ہے۔ شادی میں استعمال ہونے والی صرف موم بتیوں کا بل ہی ڈھائی لاکھ ڈالر آیا ہے۔ بھارت میں دولت مند گھرانے پُرتعیش شادیوں کے لئے مشہور ہیں لیکن منگل کی رات سہارا بزنس گروپ کے سربراہ سبرتہ رائے نے ایسی تمام شادیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تقریباً دس ہزار مہمانوں کو جن میں سیاست ، تجارت، فیشن ، کرکٹ اور فلمی دنیا کے بڑے بڑے ستارے شامل ہیں، خصوصی طیاروں سے لکھنؤ لیجایا گیا یہاں تک کہ وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپئی بھی نئے شادی شدہ جوڑوں کو اشیرواد دینے پہنچے۔ تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کو کچھ ضوابط کی پاسداری کرنی تھی جہاں نہ تو فوٹوگرافی کی اجازت تھی نہ ویڈیو بنانے کی اور نہ ہی آٹوگراف لینے کی۔ تقریب میں بھنگڑے کی دھن پر بالی ووڈ کے ڈانسرز تھرک رہے تھے اور آسمان آتشبازی کی سے جگمگا رہا تھا۔ مہمانوں کی تفریح کے لئے برطانیہ سے آرکسٹرا بلایا گیا ہے اسکے علاوہ مشرقی یورپ سے بھی فنکاروں کو بلایا گیا ہے۔ لکھنؤ میں تین سو ایکڑ پر بنی کمپنی کی کالونی کو روشنیوں سے خوب سجایا گیا بالی ووڈ کی سٹار ڈمپل کپاڈیا نے جن کا موم بتیوں کا کاروبار ہے ہزاروں موم بتیاں سپلائی کیں۔ شادی میں شریک ہونے والے کئی مہمانوں کے لئےجشن اسی وقت شروع ہو گیا جب وہ اپنے گھروں سے نکلے کیونکہ جن طیاروں سے انہیں لیجایا گیا انہیں پھولوں سے سجایا گیا تھا اور جہاز کے عملے نے شادی کے لباس پہن رکھے تھے۔ یہ لباس ملک کے چوٹی کے فیشن ڈیزائینروں نے بنایا ہے ان پروازوں کے دوران لکی ڈرا بھی نکالے گئے جن میں بطورِ انعام سونے کے سکے دیئے گئے۔ اس شادی کے تمام اخراجات کے اندازے تو ابھی سامنے نہیں آئے لیکن اندازے ہیں کہ اس پر کئی ملین ڈالر کا خرچ آئے گا۔ جمعرات کو سہارا گروپ ایک سو ایک جوڑوں کی شادی کرائے گا اور ایسا کہا جا رہا ہے کہ ہر جوڑے کو پانچ پانچ ہزار ڈالر کا چیک دیا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||