BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 11 February, 2004, 04:29 GMT 09:29 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شادی ہو تو ’ایسی۔۔۔‘
آتش بازی
شادی کی دھوم
بھارت کے صف اوّل کے تجارتی ادارے ’صحارا گروپ آف انڈ سٹریز‘ کے سربراہ سبراتا رائے کے دو صاحبزادوں کی شادی کی عظیم الشان تقریبات منگل کو لکھنئو میں شروع ہورہی ہیں جن کے بارے بھارتی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ انہیں دیکھ کر راجا مہا راجاؤں کی روحیں شرما جائیں گی۔

دو ہفتے تک جاری رہنے والی ان فقیدالمثال تقریبات میں دس ہزار پانچ سو مہمان مدعو کیے گئے ہیں۔

ان مہمانوں میں بھارتی وزیرِاعظم اٹل بہاری واجپئی سمیت ملک کی فلمی صنعت کھیل اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی صف اوّل کی شخصیات یعنی شاہ رخ خان، ایشوریہ رائے، امیتابھ بچن، کرکٹر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سارو گنگولی بھی شامل ہیں۔

ایک بھارتی اخبار نے ان شادیوں کے انتظامات کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں دیکھ کر راجاؤں اور مہاراجاؤں کی روحیں بھی شرما جائیں گی۔

شادی کے دعوت نامے انتہائی پر کشش ہیں جن پر خصوصی سیکیورٹی چِپ لگی ہوئی ہے جسے مس (چھوا کر) کر مدعو کیے جانے والے مہمان شادی کی ان تقریبات میں داخل ہوسکتے ہیں جہاں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔

خصوصی مہمانوں کے لئے لکھنئو کے بڑے بڑے ہوٹلوں میں اسّی کمرے بک کرائے گئے ہیں جن میں ریاستی گورنر، وزراء اعلیٰ، ارکانِ پارلیمان، اعلیٰ عدالتوں کے جج اور ممتاز صحافی ہیں۔

صحارا بزنس گروپ بھارت بھر سے مہمانوں کو لانے اور لے جانے کے لیے ستائیس خصوصی جہاز چلائے گا اور ملک کے چوٹی کے خانساماں ان شادیوں میں مختلف کھانے پکائیں گے جن میں بھارتی، چینی، اطالوی، میکسیکن، اور لبنانی پکوان بھی شامل ہوں گے۔

ایشوریہ رائے
ایشوریہ رائے اس تجارتی ادارے کی مصنوعات کی شناخت سمجھی جاتی ہیں

ان تقریبات میں رقص اور موسیقی کا بھی انتظام ہے جس کے لئے لندن سے ایک گروپ بلایا گیا ہے۔

ان تقریبات میں رقص کرنے والے رقاصوں کی تربیت بھارتی فلمی صنعت بالی وڈ میں رقص کی ہدایات دینے والے صف اوّل کے ایک ہدایت کار نے کی ہے جبکہ بالی وڈ کے چوٹی کے فلم ساز راج کمار سنتوشی ان تقریبات کی عکسبندی شادی کی فلم بنائیں گے۔ اس سلسلے میں بھارتی فلمی صنعت کے آرٹ ڈائریکٹرز سیٹس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان تقریبات کی نظامت ٹی وی چینل ایم ٹی وی کے معروف میز بان کریں گے۔

ممبئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منگل سے فلمی صنعت کا زیادہ تر کام بند رہے گا کیونکہ زیادہ تر فلمی ستارے شادی میں شرکت کے لیے جارہے ہیں۔

اداکارہ ایشوریہ رائے نے بتایا کہ ان کے گھر والے لکھنئو جاچکے ہیں اور جہاں تک بالی وڈ کا تعلق ہے ان شادیوں میں ہر وہ شخص شرکت کر رہا ہے جس کو وہ جانتی ہیں۔

خود ایشوریہ رائے بھی صحارا انڈسٹریز کی مصنوعات کی شناخت سمجھی جاتی ہیں۔

دوسری طرف یہ تجارتی ادارہ ایک سو ایک جوڑوں کی شادیاں کروا رہا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں ایک لاکھ چالیس ہزار افراد کو کھانا کھلایا جائے گا۔

سبراتا رائے کی صحارا کمپنی انیس سو اٹھہتّر میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں قائم ہوئی تھی اور ابتدا میں اس کے محض تین ملازم تھے۔

کہا جاتا ہے کہ اب سات ارب ڈالر مالیت کے اثاثہ جات اس ادارے کی ملکیت ہیں۔

پندرہ برس قبل شاید ہی کسی نے صحارا کا نام سنا ہو لیکن آج یہ ادارہ ایک فضائی ادارے سمیت کئی اداروں کا مالک ہے جن میں ٹیلی وثرن چینل اور اخبارات ہیں اور ملک بھر میں اس ادارے کی تینتس ہزار ایکڑ اراضی موجود ہے۔

یہ ادارہ بھارت کی کرکٹ اور ہاکی کی ٹیموں کو اسپانسر کرتا ہے اس کے علاوہ اب انشورنس، رہائشی قرضے فراہم کرنے، اشیائے صرف تیار کرنے کے ساتھ ساتھ اسپتال تعمیر کرنے کا کام بھی شروع کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد