| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’عراق پر حملہ صلیبی جنگ ہے‘
سینچر کے روز دبئی میں قائم العربیہ ٹی وی چینل نے ایک آڈیو ٹیپ نشر کی ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی جانب سے بھیجی گئی ہے۔ آڈیو ٹیپ پر موجود آواز میں عراق پر حملے کو مسلمانوں کے خلاف صلیبی جنگوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ العربیہ چینل نے مذکورہ ٹیپ کی ریکارڈنگ کی کوئی تاریخ نہیں بتائی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسی طرح کی ایک ٹیپ اکتوبر میں بھی نشر کی گئی تھی۔ اس سے قبل جمعہ کے روز بھی ایک ٹیپ الجزیرہ ٹی وی چینل پر نشر کی گئی تھی جس میں مبینہ طور پر اسامہ بن لادن کے نائب ایمن الزواہری نے امریکہ پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ افغانستان میں امن بحال کرنے میں ناکام رہا ہے۔ امریکی حکام کا خیال ہے کہ القاعدہ کے دونوں رہنما پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر واقع پہاڑی علاقے میں روپوش ہیں تاہم یہ معلوم نہیں کہ دونوں ایک ساتھ ہیں یا الگ الگ۔ اس نئی آڈیو ٹیپ میں فلسطینی وزیراعظم محمود عباس کا تذکرہ بھی ہے جو چھ ستمبر کو اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ٹیپ اس سے پہلے ریکارڈ کی گئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||