| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ ناکام رہا ہے: الزواہری
القاعدہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک مبینہ آڈیو ٹیپ میں القاعدہ کے رہنما ایمن الزواہری نے افغانستان میں استحکام کے لئے امریکہ کی کوششوں پر طنز کیا ہے۔ ایمن الزواہری نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں استحکام قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہ آڈیو ٹیپ جمعہ کو عربی ٹی وی چینل الجزیرہ پر نشر کیا گیا۔ چھ منٹ کے اس آڈیو ٹیپ میں ایمن الزواہری نے کہا ہے کہ امریکی فوجیں افغانستان میں بری طرح ناکام ہوئی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ القاعدہ تنظیم امریکیوں کا ہر جگہ تعاقب کرے گی۔ ان کے مطابق یہ ٹیپ توڑا بوڑا کے پہاڑوں پر ہونے والی لڑائی کو دو سال پورے ہونے کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے اسی ماہ بی بی سی کو بھیجے جانے والے ایک وڈیو ٹیپ میں طالبان جنگجؤوں کو دوبارہ منظم ہوتے دکھایا گیا تھا۔ وڈیو ٹیپ پر ریکارڈ کئے گئے مناظر میں طالبان کو جنوبی افغانستان میں آزادانہ طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ آتے جاتے اور گھریلو ساخت کے بم بناتے دکھایا گیا تھا۔ الزواہری نے بار بار امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ صدر بش کی پالیسیوں کی مخالفت کریں۔ بیان میں کہا گیا تھا ’ہم تمہیں کیسے معاف کرسکتے ہیں۔ ہمارے متنبہ کرنے کے باوجود تم نے اپنی روش جاری رکھی۔ تم وہی کاٹو گے جو تم نے بویا ہے‘۔ ’افغانستان میں ڈالروں کا سیلاب بہانے اور ہتھیاروں کی وسیع تعداد اپنے فوجیوں کو فراہم کرنے کے باوجود امریکہ بری طرح ناکام ہوا ہے‘۔ الزواہری نے مزید کہا ’اللہ کے فضل و کرم سے توڑا بوڑا جنگ کے دو سال بعد بھی ہم ویسے ہی ہیں جیسے پہلے تھے۔ ہم ہر جگہ حتٰی کہ ان کے گھر کے صحنوں تک ان کا پیچھا کریں گے‘۔ الزواہری نے ان عرب ممالک کو، جنہوں نے مسلمانوں کے خلاف جنگ کے لئے اپنے اڈے امریکہ کو دئے تھے، متنبہ کیا کہ وہ فیصلے کی گھڑی کا انتظار کریں‘۔ قطر، کویت اور بحرین نے امریکہ کو عراق پر حملے کے لئے اپنے اڈے فراہم کئے تھے جبکہ افغانستان پر حملے میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کا تعاون شامل تھا۔ سن دو ہزار ایک میں افغانستان پر حملے کے بعد تقریباً بارہ ہزار فوجی وہاس تعینات کئے گئے تھے۔ مصری نژاد ایمن الزواہری نے سن انیس سو اٹھانوے میں اسامہ بن لادن کے ساتھ روابط قائم کئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||