بیف نوڈل ریسٹورنٹ کھولنے پر دھمکیاں

،تصویر کا ذریعہOther

چین کے شہر شنگھائی میں ایک شخص کو نوڈل کا ریسٹورنٹ کھولنے پر ہراساں کیا گیا اور جان سے مار دیے جانے کی دھمکیاں دی گئیں۔

شیانگ گولین کے ساتھ ایسا سلوک کرنے کی توجیہہ یہ دی جا رہی ہے کہ انھوں نے ایک قدیم معاہدے کو توڑا ہے جس کے تحت پہلے ہی سے قائم نوڈل ریسٹورنٹ کے قریب نیا نوڈل کا ریسٹورنٹ نہیں کھولا جا سکتا۔

شیناگ نے اپنی جمع پونجی اس ریسٹورنٹ کو قائم کرنے میں لگا دی۔ اس ریسٹورنٹ میں وہ مشہور لامیان نوڈل فروخت کرتے ہیں۔

لیکن ریسٹورنٹ کھلنے کے چند ہی گھنٹوں میں آس پاس کے ریسٹورنٹس کے مالکان نے احتجاج شروع کر دیا اور مطالبہ کیا کہ وہ ریسٹورنٹ بند کریں۔

شیان کا تعلق چین کے شمال مغربی علاقے گنسو سے ہے اور وہ مسلمان ہیں جبکہ شنگھائی کے اس علاقے میں زیادہ تر دکاندار خوئی ہیں۔ انھوں نے ویبو پیج پر لکھا ’پہلے چند روز کوئی گاہک نہیں آیا۔‘

احتجاج کرنے والے ریسٹورنٹ کے مالکان کا کہنا ہے کہ شیان نے قدیم معاہدہ توڑا ہے۔ اس معاہدے کے تحت خوئی برادری کو ممانعت ہے کہ پہلے سے قائم نوڈل ریسٹورنٹ سے 400 میٹر کے فاصلے میں دوسرا بیف نوڈل ریسٹورنٹ کھولا جائے۔

احتجاج میں شامل ایک ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے لیکن خوئی مسلمان دکاندار اس معاہدے کی پاسداری کرتے ہیں۔

جب شیانگ نے ریسٹورنٹ بند کرنے سے انکار کیا تو ایک سو افراد نے ان کے ریسٹورنٹ کا محاصرہ کر لیا اور ان کے سٹاف کو دھکیاں دیں اور گاہکوں کو جانے سے روکا۔

شیانگ اور دیگر ریسٹورنٹ مالکان کے درمیان مسئلے کا حل اس وقت نکلا جب شیانگ نے ریسٹورنٹ کے سائن بورڈ سے بیف کا لفظ نکال دیا

،تصویر کا ذریعہOther

،تصویر کا کیپشنشیانگ اور دیگر ریسٹورنٹ مالکان کے درمیان مسئلے کا حل اس وقت نکلا جب شیانگ نے ریسٹورنٹ کے سائن بورڈ سے بیف کا لفظ نکال دیا

شیانگ کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے کئی ہفتوں تک کسی گاہک کو ریسٹورنٹ میں جانے نہیں دیا جس کے باعث 670 ڈالر یومیہ کا نقصان ہوا۔

’کچھ لوگوں نے دروازے پکڑ لیے اور گاہکوں کو ریسٹورنٹ میں جانے سے زبردستی روکا جبکہ کچھ نے مجھے دھمکیاں دیں اور مجھے اور میرے اہل و عیال کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں۔‘

شیانگ کی جانب سے ویبو پر پوسٹ کرنے کے باعث لوگوں کو اس ریسٹورنٹ کے متعلق معلوم ہوا اور گاہک آنے لگے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شیانگ کو مفت کی تشہیر مل گئی ہے۔

تاہم شیانگ اور دیگر ریسٹورنٹ مالکان کے درمیان مسئلے کا حل اس وقت نکلا جب شیانگ نے ریسٹورنٹ کے سائن بورڈ سے بیف کا لفظ نکال دیا۔