انڈیا میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں کم ازکم 15 ہلاکتیں

سڑک کا پشتہ بہہ جانے کی وجہ سے وین نیچے جا گری۔ اس حادثے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسڑک کا پشتہ بہہ جانے کی وجہ سے وین نیچے جا گری۔ اس حادثے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے

انڈیا کے بعض شمالی علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے کم ازکم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

شمالی ریاست اتراکھنڈ میں سنیچر کو زبردست بارش، بادل پھٹنے اور زمین کے تودے کھسکنے کے سبب 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 21 افراد اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔

مقامی صحافی شیو جوشی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دہرادون کی چكراتا تحصیل میں ایک وین کے کھائی میں بہہ جانے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی ہے۔

یہ حادثہ سنیچر کی رات کو پیش آيا۔ سڑک کا پشتہ بہہ جانے کی وجہ سے وین نیچے جا گری۔ اس حادثے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے آٹھ اضلاع میں زبردست بارش ہونے کی وارننگ دی ہے
،تصویر کا کیپشنمحکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے آٹھ اضلاع میں زبردست بارش ہونے کی وارننگ دی ہے

اترا کھنڈ پہاڑي ریاست کے نام سے معروف ہے جہاں مسلسل جاری بارشوں کی وجہ سے زمین کے تودے کھسکنے کا خطرہ لاحق ہے۔

حکام کے مطابق اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں بارش بند نہیں ہورہی لیکن متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب پتھورا گڑھ اور چمولی کے علاقوں میں ہونے والے حادثے میں گم ہونے والے افراد کی تلاش کا کام بھی جاری ہے۔

بارش کی وجہ سے آنے والی تباہی میں یہاں 21 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق ان اقراد کے ملبے میں دب جانے یا بہہ جانے کا خدشہ ہے۔

ملبے کو صاف کرنے کے لیے جے سی بی مشینوں کی مدد لی جا رہی ہے جبکہ سڑک کا نظم و نسق سنبھالنے والے خصوصی جوان بھی وہاں تعینات کیے گئے ہیں جو اس میں مدد کر رہے ہیں۔

پتھورا گڑھ اور چمولی کے علاقوں میں ہونے والے حادثے میں گم ہونے والے افراد کی تلاش کا کام بھی جاری ہے

،تصویر کا ذریعہSHIV JOSHI

،تصویر کا کیپشنپتھورا گڑھ اور چمولی کے علاقوں میں ہونے والے حادثے میں گم ہونے والے افراد کی تلاش کا کام بھی جاری ہے

اس موسم میں ہندو مذہب کے ماننے والے اترا کھنڈ چار دھام کی یاترا پر جاتے ہیں اور مذہبی سفر جانے والے لوگوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حکام نے ایسے یاتریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس خراب موسم میں خطرہ اٹھاتے ہوئے آگے نہ بڑھیں بلکہ محفوظ مقامات پر قیام کریں اور بارشوں کے رکنے کا انتظار کریں۔

اس دوران جہاں جہاں راستہ اور موسم صاف ہوتا جا رہا ہے وہاں مسافروں کی نقل و حرکت ہو پا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے آٹھ اضلاع میں زبردست بارش ہونے کی وارننگ دی ہے۔

اس میں ادھم سنگھ نگر اور دہرادون جیسے میدانی اضلاع کے ساتھ ساتھ اترکاشی، چمولی، پتھورا گڑھ، الموڑا اور نینی تال وغیرہ شامل ہیں۔