دہلی میں افریقی نژاد شہریوں پر حملے، چار گرفتار

چند روز قبل دہلی میں ہی کانگو کے ایک طالب علم کا قتل ہوا تھا

،تصویر کا ذریعہGETTY

،تصویر کا کیپشنچند روز قبل دہلی میں ہی کانگو کے ایک طالب علم کا قتل ہوا تھا

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے افریقی نژاد افراد پر ہونے والے حملے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔

جمعرات کو چرچ سے واپس لوٹنے والی افریقی نژاد دو خواتین کے ساتھ مقامی افراد کی تکرار ہوئی اور معاملہ مار پیٹ تک پہنچ گیا تھا۔

جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر ایشور سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مہرولی تھانے کے دونوں گاؤں میدان گڑھي اور راج پور خورد انتہائی روایتی گاؤں ہیں۔ یہاں پیش آنے والے واقعے کو میڈیا جس طرح سے پیش کر رہا ہے کہ یہ نسلی حملہ ہے، ایسا قطعی نہیں ہے۔‘

خارجہ امور کے وزیر مملکت خارجہ جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ نے اس معاملے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’دہلی پولیس کے ساتھ تفصیل سے بات چیت کی اور پتہ چلا کہ راج پور خورد میں افریقی نژاد شہریوں کے ساتھ ہونے والے چھوٹے سے واقعے کو میڈیا بڑھا چڑھا کر بیان کر رہا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’میڈیا ایسا کیوں کر رہا ہے؟ ملک کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں ان کے اس مقصد پر سوال اٹھانے چاہیے۔‘

سشما سوراج نے بھی کہا ہے کہ ان علاقوں میں آگہی مہم چلائی جائے گی

،تصویر کا ذریعہepa

،تصویر کا کیپشنسشما سوراج نے بھی کہا ہے کہ ان علاقوں میں آگہی مہم چلائی جائے گی

اس سے پہلے وزیر خارجہ سشما سوراج نے اتوار کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دہلی کے نائب گورنر نجیب جنگ سے افریقی طالب علموں کی حفاظت پر بات چیت کی تھی۔

وزیر داخلہ راج ناتھ نے دہلی پولیس کو حملہ آوروں کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا حکم دیا ہے اور ان علاقوں میں پولیس گشت بڑھانے کے لیے بھی کہا ہے جن علاقوں میں افریقی نژاد افراد رہتے ہیں۔

سشما سوراج نے بھی کہا ہے کہ ان علاقوں میں آگہی مہم چلائی جائے گی۔

سشما سوراج نے وزیر ریاست وزیر جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ اور سیکریٹری خارجہ امر سنہا سے کہا کہ وہ افریقی طالب علموں سے ملاقات کریں۔

وزیر داخلہ راج ناتھ نے دہلی پولیس کو حملہ آوروں کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا حکم دیا ہے

،تصویر کا ذریعہROSHAN JAISWAL

،تصویر کا کیپشنوزیر داخلہ راج ناتھ نے دہلی پولیس کو حملہ آوروں کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا حکم دیا ہے

سوراج نے ٹویٹ کیا کہ ’میں نے جنوبی دہلی میں افریقی نژاد لوگوں پر حملے کے معاملے میں راج ناتھ سنگھ اور دہلی کے گورنر سے بات کی ہے۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قصورواروں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں افریقی نژاد لوگ رہتے ہیں وہاں آگہی مہم بھی شروع کے جائے گی۔‘

بی بی سی سے بات چیت میں جنوبی دہلی کے ڈپٹی کمشنر ایشور سنگھ نے کہا تھا، ’خواتین نے ’اس طرح‘ کے کپڑے پہنے تھے، ان کا جوڑا مقامی لوگوں کے مطابق نہیں تھا۔‘

چند روز قبل دہلی میں ہی کانگو کے ایک طالب علم کے قتل کے بعد افریقی ممالک کے سفارت کاروں نے حکومت ہند کے افریقہ ڈے تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔