وجے مالیا کا پاسپورٹ منسوخ، وارنٹ گرفتاری جاری

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارتی حکومت نے ملک کی اہم کاروباری شخصیت وجے مالیا کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا ہے۔ وجے مالیا پر الزام ہے کہ وہ اپنی کمپنی کنگ فشر ایئر لائن پر بھاری قرض کی وجہ سے برطانیہ میں روپوش ہیں۔
حکام نے مالیا کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ سے مالیا کو ملک بدر کرنے کی اجازت حاصل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
جاذب نظر کاروباری شخصیت اپنی سرمایہ کاری کے باعث بھارت کے رچرڈ برینسن کے نام سے مشہور ہیں، اُنھوں نے ہوابازی، فارمولہ ون، کرکٹ اور مشروبات کی صنعت میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
سنہ 2013 میں کنگ فِشر ایئر لائن کی ناکامی کی وجہ سے اُن کے قرضے کا کیس فعال ہوگیا تھا۔
حکام نے وجے مالیا کو جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا کہ وہ بتائیں کہ اُن کا پاسپورٹ کیوں منسوخ نہ کیا جائے۔
ایئر لائن کمپنی کے خاتمے کے بعد اُن کے ذمے تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کی رقم واجب الادا ہے اور اُن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ برطانیہ میں موجود ہیں۔
مالیا نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اُنھوں نے بھارت قرض کی وجہ سے چھوڑا ہے۔ اُنھوں اِس کیس میں ’میڈیا ٹرائل‘ پر بھی تنقید کی ہے۔
مارچ کے مہینے میں اُنھیں برطانوی مشروبات کی بڑی کمپنی ڈیاگو سے علحیدگی کی صورت میں ملنے والے ساڑھے سات کروڑ امریکی ڈالر کی رقم وصول کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فروری میں کمپنی سے بے دخل کیے جانے کے بعد بھاری قرض کے بوجھ تلے دبے کاروباری شخصیت کو واجب الادا رقم وصول کرنی تھی۔
تاہم بینکوں اور قرض دہندگان کے کنسورشیم نے مطالبہ کیا تھا کہ مالیا کی جانب سے لی گئی رقم کو قرض ادا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔







