افغانستان میں ڈرون حملہ، ’دولت اسلامیہ کے 17 جنگجو ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہPA
افغانستان میں ایک سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے کم سے کم 17 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
ننگرہار صوبے کے گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جس وقت یہ ڈرون حملہ ہوا اس وقت ہلاک ہونے والے شدت پسند سات طالبان جنگجوؤں کے سر قلم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس امریکی حملے میں دو عام شہری بھی زخمی ہوائے ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی حکام نے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ابھی تک امریکہ کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب ننگرہار کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون حملے میں دولت اسلامیہ کے کم سے کم 15 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
پولیس چیف نے مزید کہا کہ ان شدت پسندوں کو پانچ طالبان کے سر قلم کرنے کے بعد گذشتہ روز ضلع اچن میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کیا گیا۔
اس کے علاوہ صوبے ننگرہار میں ہی ضلع چاہ پڑہار میں طالبان اور دولت اسلامیہ کے گروہوں کے درمیان جھڑپ میں دولت اسلامیہ کے 13 جنگجو ہلاک اور طالبان کے 13 ارکان زخمی ہوئے ہیں۔



