زلزلے کے مرکز افغانستان میں 60 ہلاکتیں

افغانستان کے صوبے کے مرکزی شہر تعلقان میں زلزلے سے سکول میں مچنے والی بھگدڑ میں 12 بچیاں ہلاک ہوئیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنافغانستان کے صوبے کے مرکزی شہر تعلقان میں زلزلے سے سکول میں مچنے والی بھگدڑ میں 12 بچیاں ہلاک ہوئیں

بی بی سی افغان سروس کے مطابق شمال مشرقی افغانستان میں شدید زلزلے کے نتیجے میں سکول کی 12 بچیوں سمیت کم از کم ساٹھ افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بچیاں پیر کو افغانستان کے مرکزی شہر تعلقان میں زلزلے کے دوران سکول میں مچنے والی بھگدڑ میں ہلاک ہوئیں۔

شدید زلزلے کے جھٹکے کابل سے لے کر دہلی تک محسوس کیے گئے۔

افغانستان کے ہندو کش علاقے میں 7.5 شدت کے زلزلے کے اثرات جنوبی ایشیا کے اکثر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کا مرکز افغان صوبہ بدخشاں میں 213.5 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

ادارے کا مزید کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز 213 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا۔

افغانستان کے ہندو کش علاقے میں طاقت ور 7.5 شدت کے زلزلے کے اثرات جنوبی ایشیا کے اکثر علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں
،تصویر کا کیپشنافغانستان کے ہندو کش علاقے میں طاقت ور 7.5 شدت کے زلزلے کے اثرات جنوبی ایشیا کے اکثر علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں

زلزلے سے سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ ننگرہار میں پیش آیا جس میں اب تک آٹھ افراد کی ہلاکتوں اور 78 زخمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

صوبائی پولیس سربراہ کے ترجمان حسن نے کہا کہ جلال آباد اور کچھ دیہی اضلاع میں بھی کئی گھر تباہ ہوئے ہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 45 سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جھٹکوں کے دوران کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں آئیں۔

کابل میں ٹیلی مواصلات بند ہونے کی صورت میں حکام سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہوسکا۔

افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے مطابق یہ زلزلہ حالیہ دہائیوں میں سب سے زیادہ طاقتور تھا۔