پانی کی بوتل سے سانپ برآمد، تحقیقات کا حکم

،تصویر کا ذریعہCG KHABAR
بھارت ریاست چھتیس گڑھ میں ایک اجلاس کے دوران پانی کی بوتل سے سنپولے کی برآمدگی کے بعد حکام نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ کو دارالحکومت رائے پور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں پیش آیا جس میں وزیر اعلی رمن سنگھ اور مرکزی وزیر صحت بھی موجود تھے۔
مذکورہ بوتل وزیر اعلی کی میڈیکل سٹاف ڈاکٹر پونم اگروال کو ملی اور جب انھیں بوتل میں سانپ کا زندہ بچہ نظر آیا تو انہوں نے فوری طور پر حکام کو اطلاع دی۔
اس پر متعلقہ حکام نے وہ بوتل اپنی تحویل میں لے لی جبکہ اجلاس میں بانٹی گئی پانی کی تمام بوتلیں بھی واپس لے لی گئیں۔
ریاستی حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ پوری ریاست میں پانی کی بوتلوں کا جائزہ لیا جائے۔
تقریب میں پانی فراہم کرنے والی کمپنی نے اس واقعے کو ایک ’سازش‘ قرار دیا ہے۔
کمپنی کے مالک نے اخبار ’ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ میرے خلاف ایک سازش ہے۔ جب مجھے بوتل دکھائی گئی تھی تو اس کی مہر ٹوٹی ہوئی تھی۔‘



