’ہر بھارتی چاہتا تھا کہ بنگلہ دیش کا خواب حقیقت بنے‘

’اگر اٹل جی کی صحت ٹھیک ہوتی اور وہ یہاں موجود ہوتے تو یہ موقع کچھ مختلف ہوتا‘

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشن’اگر اٹل جی کی صحت ٹھیک ہوتی اور وہ یہاں موجود ہوتے تو یہ موقع کچھ مختلف ہوتا‘

بنگلہ دیش کے دورے پر گئے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کا قیام ہر بھارتی کی خواہش تھی۔

انھوں نے یہ بات اتوار کو اس تقریب کے دوران کہی جس میں سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو بنگلہ دیش کی آزادی میں ’فعال کردار‘ ادا کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے پر ’بنگلہ دیش لبریشن وار آنر‘ سے نوازا گیا۔

نریندر مودی نے واجپائی کے لیے یہ اعزاز بنگلہ دیشی صدر عبدالحمید کے ہاتھوں وصول کیا۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر کہا کہ’جب بنگلہ دیش کے آزادی کی لڑائی لڑنے والے بنگلہ دیشی اپنا خون بہا رہے تھے، تو بھارتی بھی ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کر رہے تھے۔ اس طرح انھوں نے بنگلہ دیش کا خواب پورا کرنے میں مدد کی۔‘

اس موقع پر وزیر اعظم شیخ حسینہ اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشناس موقع پر وزیر اعظم شیخ حسینہ اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر لکھا، ’وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہر بھارتی چاہتا تھا کہ آزاد بنگلہ دیش کا خواب حقیقت بنے۔‘

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سنہ 1971 میں جب بنگلہ دیشی آزادی کے جنگجوؤں کی حمایت میں دہلی میں ستیہ گرہ تحریک چلی تھی تو ایک نوجوان رضاکار کے طور پر وہ بھی اس میں شامل ہونے آئے تھے۔

انھوں نے چھ دسمبر سنہ 1971 کو پارلیمنٹ میں دیے گئے واجپائی کی تقریر کو بھی یاد کیا جس میں انھوں نے حکومت سے بنگلہ دیش کو تسلیم کرنے کی درخواست کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ’اگر اٹل جی کی صحت ٹھیک ہوتی اور وہ یہاں موجود ہوتے تو یہ موقع کچھ مختلف ہوتا۔‘

انعام کے کردار میں واجپائی کو ’انتہائی قابل احترام سیاست دان‘ کہا گیا اور بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں ان کے ’فعال کردار‘ کا ذکر کیا گیا۔