بھارت کا منگولیا کے لیے ایک ارب ڈالر کے قرض کا اعلان

،تصویر کا ذریعہPIB
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگولیا کے سرکاری دورے پر منگولیا کے لیے آسان شرائط پر ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک نے کئی شعبوں میں تعاون کے 13 معاہدوں پر بھی دستخط کیے ہیں۔
ان معاہدوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہوائی سفر کی ابتدا کے بارے میں ایک معاہدے پر دستخط بھی شامل ہے۔
بھارت اور منگولیا کے درمیان سزایافتہ قیدیوں کے تبادلے کے لیے بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ڈیری، ڈرگ، ہومیو پیتھی، دفاع، قابل تجدید توانائی اور تعلیم کے میدان میں بھی تعاون کو فروغ دینے کی بات کہی گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے یہ معلومات فراہم کی ہیں۔
ان کے مطابق بھارت کے تعاون سے منگولیا میں سائبر سیکورٹی ٹریننگ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔
ثقافت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک سنہ 2015 سے 2018 کے درمیان ایک پروگرام چلائیں گے۔

،تصویر کا ذریعہMEAIndia
منگولیا میں بھارت ایک سیکنڈری سکول بھی قائم کرے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو منگولیا کی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’بودھ مذہب اور جمہوریت کے ذریعے ایشیا میں امن، خیرسگالی اور ہم آہنگی قائم ہوگی۔‘
منگولیا میں جمہوریت کے 25 سال پورے ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے انھوں نے کہا ’منگولیا دنیا میں جمہوریت کی نئی روشنی سے عبارت ہے۔‘
بھارتی وزیر اعظم اس سے قبل چین کے دورے پر تھے جہاں دونوں ممالک کے درمیان تقریبا دو درجن معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے اقتدار کے ایک سال میں جنتے ممالک کے دورے کیے اتنے دورے کسی دوسری بھارتی وزیر اعظم نے کبھی نہیں کیے۔







