ٹرین کے بیت الخلا میں بچے کی پیدائش

بھارت کی بیشتر ٹرینوں کے بیت الخلا میں پٹڑیوں پر کھلنے والے سوراخ ہوتے ہیں اور اس قسم کا ایک واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبھارت کی بیشتر ٹرینوں کے بیت الخلا میں پٹڑیوں پر کھلنے والے سوراخ ہوتے ہیں اور اس قسم کا ایک واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں

بھارت میں چلتی ٹرین کے بیت الخلا میں پیدا ہونے والا بچہ ٹرین کی پٹڑی پر گرنے کے بعد معجزانہ طور پر بچ گیا۔

بھارتی ریاست راجستھان میں منو نامی خاتون ٹرین میں بچے کے پیدائش کے بعد بے ہوش ہوگئی تھیں۔ بعد ازاں یہ بچہ ماں کے پاس پہنچا دیا گیا۔

ریلوے ٹریک کے قریب ہی واقع ایک گودام میں کام کرنے والے محافظ نے بچے کے رونے کی آواز سنی تو ریلوے حکام کو خبر دار کیا جنھوں نے آ کر بچے کو بچایا۔

بھارت کی بیشتر ٹرینوں کے بیت الخلا میں پٹڑیوں پر کھلنے والے سوراخ ہوتے ہیں اور اس قسم واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق حالیہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب منو نامی خاتون اپنی والدہ کے ساتھ سورت گڑھ سے ہنومان گڑھ کی جانب سفر کر رہی تھیں۔

بچہ دبلی رتھن نامی علاقے میں پیدا ہوا جو ہنومان گڑھ سے چند میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

ریلوے کے ترجمان ترن جین نے بی بی سی ہندی کو بتایا ’ٹرین ہنومان گڑھ پہنچی تو اس خاتون کو مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔‘

’بچے کو بچانے کے بعد ابتدائی طبی امداد کے لیے پہلے مقامی ہسپتال لے جایا گیا۔ اس کے بعد اسے بھی ہنومان گڑھ کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔‘

ہسپتال کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ایس پی روحیلا کا کہنا ہے کہ ماں اور بچہ دونوں ٹھیک ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق بچے کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی ہے اور تمام ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ بچے کا وزن بہت کم ہے۔ بچے کا وزن صرف 4.4 پاؤنڈ ہے اس لیے اسے زیرِ نگرانی رکھا جا رہا ہے۔