’عام آدمی‘ کو واضح اکثریت، مودی نے شکست تسلیم کر لی

اب تک تمام 70 نشستوں کے رجحانات آ گئے ہیں جن کے مطابق عام آدمی پارٹی 65 نشستوں پر آگے ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناب تک تمام 70 نشستوں کے رجحانات آ گئے ہیں جن کے مطابق عام آدمی پارٹی 65 نشستوں پر آگے ہے
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کر لی ہے اور ملک میں برسرِاقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

ابتدائی نتائج کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے فون کر کے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو مبارکباد دی ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی کی ریاستی اسمبلی کی 70 نشستوں میں سے عام آدمی پارٹی نے67 پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تین نشستیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے حصے میں آئی ہیں۔

ریاست میں گذشتہ 15 سال تک حکومت کرنے والی کانگریس پارٹی ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکی۔

عام آدمی پارٹی کو اس فتح کے نتیجے میں اسمبلی میں دو تہائی اکثریت مل گئی ہے۔

اروند کیجریوال نے تازہ رجحانات سامنے آنے کے بعد دہلی میں اپنے حامیوں کی ایک ریلی میں کہا ہے کہ ’جو ذمہ داری ملی ہے اس سے کافی ڈر بھی لگ رہا ہے۔ میں درخواست کرتا ہوں پوری پارٹی سے کہ ذرا سا بھی غرور مت کریں۔ کانگریس کا حال، بی جے پی کا یہ حال غرور کی وجہ سے ہوا۔ اگر ہم نے بھی یہ کیا تو یہی سبق عوام ہمیں پانچ سال بعد دکھائے گی۔‘

عام آدمی پارٹی کے کارکنوں میں جیت کی امید پر بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنعام آدمی پارٹی کے کارکنوں میں جیت کی امید پر بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے

کیجریوال نے اپنے تمام حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’جو سچائی کے راستے پر چلتے ہیں، کائنات کی طاقتیں بھی ان کی مدد کرتی ہیں۔‘

نئی دہلی ریاستی انتخابات میں اصل مقابلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی اور اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کے درمیان تھا۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاستی انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے اروند کیجریوال کو مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا ہے۔

بی جے پی کی جانب سے دہلی میں وزیر اعلی کے عہدے کی امیدوار کرن بیدی نے اروند کیجریوال کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اس کامیابی کے لیے ’پورے پوائنٹس‘ دیے ہیں۔

ادھر کانگریس کے رہنما اجے ماکن نے انتخابات میں پارٹی کی شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما کمار وشواس نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی کو سات سے کم نشستیں بھی ملتی ہیں تو بھی انہیں اسمبلی میں اپوزیشن کا درجہ دیا جائے گا۔

دہلی میں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں سلمان راوی کے مطابق پارٹی کارکن سے زیادہ میڈیا کے افراد نظر آئے
،تصویر کا کیپشندہلی میں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں سلمان راوی کے مطابق پارٹی کارکن سے زیادہ میڈیا کے افراد نظر آئے

سات فروری کو نئی دہلی میں ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ہوئی تھی اور ان انتخابات میں 67 فیصد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

نئی دہلی ریاستی کے انتخابات کو وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت کا پہلا امتحان تصور کیا جا رہا تھا۔

دہلی پر پہلے بھی عام آدمی پارٹی کی حکومت تھی لیکن اس کے وزیرِ اعلیٰ کیجریوال نے گذشتہ فروری میں یہ کہہ کر استعفیٰ دے دیا تھا کہ ان کی انسدادِ بدعنوانی کی کوششوں کو مسدود کیا جا رہا ہے۔

دہلی میں گذشتہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 28 سیٹیں ملی تھیں وہیں بی جے پی نے 31 سیٹیں حاصل کی تھیں۔