قندھار میں پولیس چوکی پر حملہ، سات اہلکار ہلاک

حالیہ چند مہینوں میں افغانستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنحالیہ چند مہینوں میں افغانستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے

افغان حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبے قندھار میں پولیس کی ایک حفاظتی چوکی پر حملے میں سات اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ یہ حملہ پولیس اہلکاروں ہی کے ایک ساتھی نے کیا۔

قندھار پولیس کے صوبائی سربراہ ضیا درانی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو رات گئے ضلع میوند میں پیش آیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ حملہ آوروں میں سے ایک پولیس کی وردی میں ملبوس تھا۔

افغان طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے میڈیا کو بھیجے جانے والے پیغام میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

امریکی اور نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد اب ملک کی سکیورٹی کا نظام افغان فورسز کے ہاتھ میں ہے۔

تاہم ملک میں حالیہ چند مہینوں میں افغانستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور طالبان ایسے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے رہے ہیں۔