چین میں روسی تھیم پارک

اس پارک کی تعمیر پر پانچ ارب یوآن کی لاگت آئے گی۔

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشناس پارک کی تعمیر پر پانچ ارب یوآن کی لاگت آئے گی۔

ایسا لگتا ہے کہ شمالی چین کے شہر ہاربن میں روسی ثقافت پر مبنی ایک بڑا تھیم پارک بنایا جائے گا۔

ایک مقامی سیاحتی کمپنی کے سربراہ ’وی من فینگ‘ کا کہنا ہے کہ اس سال وہ منچورین شہر میں چین اور روس دوستی پارک پر کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وی من فینگ نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ پانچ مربع کلومیٹر پر محیط اس پارک میں روسی ثقافت کے خصوصی حوالے سے اس شہر کی تاریخ کو اجاگر کیا جائے گا۔

اس منصوبے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ اگرچہ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2017 میں مکمل ہوجائے گا مگر پورے پارک کی تکمیل میں چھ سال لگیں گے۔

یاد رہے کہ ہاربن کے شہر کے روس کے ساتھ مضبوط تاریخی تعلقات ہیں۔ یہ 19 صدی کے آخر میں روسی امداد سے بنائی گئی چینی مشرقی ریلوے کا مرکز تھا اور شہر میں روسی طرز کے فن تعمیر اور بڑی تعداد میں روسی شہرویوں کے یہاں منتقل ہونے کی وجہ سے اسے مشرق کا ماسکو کہا جانے لگا۔

بالشویک انقلاب کے بعد ہاربن میں بڑی تعداد میں روسی مہاجرین منتقل ہوئے تھے مگر جاپانی قبضے اور چینی کمیونسٹوں کی مقبولیت کی وجہ سے 1950 کی دہائی کے اوائل میں یہاں روسی موجودگی کا خاتمہ ہو گیا تھا۔

وی من فینگ کی کمپنی پہلے ہی ہاربن کا ’سنو اینڈ آئس فیسٹیول‘ چلاتی ہے جس میں برف سے مجسمے بنانے کا مقابلہ ہوتا ہے اور دنیا بھر سے برف کے مجسمہ ساز اس میں شرکت کرتے ہیں۔

تھیم پارک ’سنو اینڈ آئس فیسٹیول‘ کے پنڈال کے قریب تعمیر کیا جائے گا اور اس پر پانچ ارب یوآن کی لاگت آئے گی۔