خوب رو گاہکوں کے لیے کھانا مفت

،تصویر کا ذریعہTencent
چین میں ایک ریستوران خوبصورت گاہکوں کو مفت کھانا دے رہا ہے۔
روزنامہ چین کی ویب سائٹ کے مطابق زنگ ضو میں واقع یہ ریستوران کھانا کھانے کے لیے آنے والے گاہکوں میں سے سب سے زیادہ خوش شکل قرار دیے جانے والے افراد کو مفت کھانا دیتا ہے۔
گاہکوں کی خوبصورتی کا فیصلہ ریستوران کے ملازمین نہیں کرتے بلکہ ان کی آمد پر ان کی تصاویر کھینچی جاتی ہیں اور ایک مقامی کاسمیٹک سرجری کے کلینک کا عملہ ان تصاویر میں سے پانچ سب سے زیادہ خوبصورت افراد کا انتخاب کرتا ہے جن کو کھانے کا بل نہیں دینا پڑتا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل چین میں ایک اور ریسٹورنٹ نے موٹے مردوں اور دبلی خواتین کو رعایت کی پیشکش تھی۔
جنوب مغربی چین کے شہر چونگ کنگ میں واقع ناہو ریسٹورنٹ نے پیشکش کی تھی کہ اگر کوئی مرد 140 کلو سے زیادہ وزنی ہے تو وہ مفت میں کھائے گا۔ مگر اس کے برعکس خواتین اسی صورت میں مفت کھا سکتی ہیں اگر ان کا وزن 35 کلو سے کم ہو۔
موٹے صارفین کو مفت کھانے فراہم کرنے کی اسی طرح کی ایک مضحکہ خیز پیشکش سنہ 2010 میں امریکی شہر لاس ویگاس کے ایک ریسٹورنٹ نے کی تھی۔ یہ ریسٹورنٹ 10000 کیلری تک کے برگر بناتا ہے۔
اگرچہ زیادہ تر چینی سوشل میڈیا کے صارفین نے اس حالیہ پیشکش کو پسند کیا ہے مگر کچھ نے اس کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔
چینی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ویبو پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’ اس سے صارفین کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب ایک اور صارف نے اس پیشکش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کھا ہے کہ ’اس کا مطلب ہے کہ میں ہر بار مفت کھاوں گا۔‘







