گورداسپور: متنازع آئی کیمپ کا منتظم گرفتار

اس وقت بھارت میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ لوگ نابینا ہیں
،تصویر کا کیپشناس وقت بھارت میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ لوگ نابینا ہیں

بھارت کی شمالی ریاست پنجاب میں پولیس نے آنکھوں کے آپریشن کے لیے لگائے گئے اس کیمپ کے منتظم کو گرفتار کر لیا ہے جہاں موتیا کے آپریشن کے بعد کم از کم 15 افراد کی بینائی چلی گئی ہے۔

بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے ضلع گورداسپور کے علاقے بٹالہ کے ایس ایس پی منمدر سنگھ نے منجیت جوشی نامی شخص کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کے آپریشن کرنے والے ڈاکٹر وویک ارورہ سے بھی پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے تاہم ابھی ان کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

امرتسر کے ضلعی طبی اہلکار ڈاکٹر راجیو بھلا نے بتایا کہ ایک غیر سرکاری ادارے نے دس سے بارہ دن پہلے اجنالا تحصیل کے ایک گاؤں میں آئی کیمپ منعقد کیا تھا۔

کیمپ میں آئے مریضوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی آنکھوں سے قرنيہ نکال لیے جانے کی وجہ وہ اب کچھ بھی دیکھ پانے کے قابل نہیں رہے۔

اب ان لوگوں کو امرتسر کے سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ ان کی بینائی لوٹنا مشکل ہے۔

ہندوستان میں موتیا کی بیماری ایک بڑا مسئلہ ہے اور دنیا میں نابینا افراد کی کل تعداد کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ ہندوستان میں رہتا ہے۔

اس وقت بھارت میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ لوگ نابینا ہیں اور ان میں تقریباً تین چوتھائی کے نابینا پن کی وجہ موتیا ہے۔