24 سال میں سے 23 سال سے غیر حاضر استانی

قوانین کے مطابق کوئی بھی استاد پانچ سال سے زیادہ اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر نہیں رہ سکتا

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنقوانین کے مطابق کوئی بھی استاد پانچ سال سے زیادہ اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر نہیں رہ سکتا

بھارت کی ریاست مدھیا پردیش کے اندور شہر کی ایک ٹیچر نے ایک الگ طرح کا ریکارڈ بنایا ہے۔

وہ 24 سال میں سے گذشتہ 23 سالوں سے اپنے سکول سے غائب ہیں۔

46 سالہ سنگیتا کشیپ اندور کے اہليا آشرم سکول نمبر 1 میں حیاتیات پڑھاتی تھیں لیکن گذشتہ 23 سالوں میں شاید ہی کبھی سکول میں نظر آئی ہوں۔

سکول کی پرنسپل سشما ویشا نے بتایا ’سنگیتا کشیپ 1990 میں دیواس مہارانی رادھابائي کنیا سکول میں بطور ٹیچر مقرر ہوئی تھیں۔ وہاں وہ 1991 سے 1994 تک چھٹی پر چلی گئیں۔ واپس آنے پر ان کی تبادلہ اندور کے اس سکول میں کر دیا گیا۔‘

سشما ویشا نے بتایا ’سنگیتا کی گیارہویں اور بارہویں کلاس کی حیاتیات کی ٹیچر کے طور پر سکول میں تقرری ہوئی۔ لیکن آتے ہی وہ بچے کی پیدائش کے لیے چلی گئیں اور پھر لوٹ کر نہیں آئیں۔‘

انھیں کام پر بلانے کے لیے کئی خط بھیجے گئے جو واپس لوٹ آئے۔

قوانین کے مطابق کوئی بھی استاد پانچ سال سے زیادہ اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر نہیں رہ سکتا۔

اندور کے محکمہ تعلیم کے افسر سنجے گوئل کہتے ہیں ’سال 07-2006 میں بھی ان کو ہٹانے کے لیے بھوپال کے محکمہ تعلیم کو لکھا گیا تھا، لیکن کارروائی نہیں ہوئی۔ ہم ان کو دوبارہ لکھ رہے ہیں۔‘

پرنسپل کہتی ہیں کہ سکول میں حیاتیات کے اور بھی استاد تھے، اس لیے بچوں کی پڑھائی متاثر نہیں ہوئی ہے۔