بھارت: گنگا میں کشتی غرقاب، ہلاکتوں کا خدشہ

،تصویر کا ذریعہSANJAY GUPTA
بھارت میں حکام نے ہندوؤں کے مقدس شہر وارانسی (بنارس) کے پاس دریائے گنگا میں ایک کشتی کے اُلٹ جانے سے متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ پرانجل یادو نے 22 افراد کے تیر کر زندہ بچنے کی تصدیق کی ہے جبکہ ورانسی کے ڈی آئی جی ایس کے بھگت نے بی بی سی سے بات چیت کے دوران تین لاشوں کے برآمد کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
اس کشتی پر تقربیا 50 افراد سوار تھے۔ بھارت کے ایک اخبار دا ڈیکن کرانیکل کے مطابق اس حادثے میں 32 افراد لاپتہ ہیں۔
یہ واقعہ وارانسی کے نزدیک روہنیا میں پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کشتی چنار سے وارانسی جا رہی تھی اور گنجائش سے زیادہ لوگوں کے سوار ہونے سے وہ الٹ گئی۔
ڈي آئي جی نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے اور یہ مزید 24 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔
کشتی میں سوار تمام مسافر مرزاپور ضلعے کے رہنے والے تھے اور انھیں تقریبا 50 کلومیٹر دور گنگاپور جانا تھا۔
پرانجل یادو نے بتایا کہ کشتی میں کچھ لوگ اپنی موٹر سائیکل کے ساتھ بھی سوار ہوئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حادثہ ’اوورلوڈنگ‘ کی وجہ سے ہوا۔

،تصویر کا ذریعہSANJAY GUPTA
کشتی پر سوار بہت سے مسافر ایک مندر کی زیارت سے واپس آ رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وارانسی اور مرزاپور دونوں اضلاع کے اعلی حکام جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کام تیزی کے ساتھ کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاست اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے لاپتہ افراد کے گھروالوں کے لیے دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ نریندر حالیہ پارلیمانی انتخابات میں وارانسی سے منتخب ہوئے تھے۔
بھارت میں مون سون کے موسم میں دریاؤں میں طغیانی ہوتی ہے اور اس طرح کے واقعات خراب کشتی اور حد سے زیادہ افراد کے سوار ہونے سے رونما ہوتے ہیں۔
منگل کو ہی بنگلہ دیش کی پدما ندی میں اسی قسم کے ایک واقعے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔







