بنگلہ دیش میں کشتی غرقاب، ہلاکتوں کا خدشہ

،تصویر کا ذریعہGetty
بنگلہ دیش میں حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ڈھاکہ کے جنوب مغرب میں ایک مسافر کشتی غرقاب ہو گئی ہے جس میں تقریباً 200 افراد سوار تھے۔
ابھی تک حکام کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے تاہم بیسیوں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ منشی گنج ضلعے میں بہنے والے دریا پدما میں پیش آیا ہے ۔
حکام کے مطابق کشتی پر سوار لوگوں کو بچانے کے لیے امدادی کام جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اب تک ایک سو افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب خبررساں ادارے اے پی کے مطابق بنگلہ دیش کے ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین شمش الضحیٰ کھونڈاکر نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح اس وقت رونما ہوا جب ایم وی پناک نامی کشتی پدما ندی عبور کر رہی تھی۔
مقامی پولیس افسر تفضل حسین کے مطابق کچھ لوگ تیر کر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے، باقی یا تو وہیں پھنسے ہیں یا پھر ان کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بنگلہ دیش میں ندیوں کا جال ہے اور ملک کے جنوبی اور شمال مشرقی علاقوں میں کشتیاں نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے دریاؤں میں اس طرح کے حادثات معمول کا حصہ ہیں اور ہر سال اس کی وجہ سے سینکڑوں جانیں تلف ہو جاتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عام طور پر حد سے زیادہ مسافروں کو کشتی میں بھرنے اور کشتی کے خراب معیار کو ایسے حادثات کا ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔







