افغانستان: خودکش حملے میں نیٹو فوجیوں سمیت 16 ہلاک

بگرام ایئر بیس افغانستان میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی ٹھکانہ ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبگرام ایئر بیس افغانستان میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی ٹھکانہ ہے

افغانستان کے شمال مشرقی علاقے میں ایک خود کش بم حملے میں نیٹو کے چار فوجیوں سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ حملہ بگرام ايئر بیس کے نواحی علاقے میں کیا گيا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس میں 10 شہری اور دو پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ افغانستان میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی ٹھکانہ ہے اور یہ حملہ اسی کے قریب ایک کلینک پر کیا گیا۔

یہ حملہ افغانستان میں صدارتی انتخابات کے نتائج کے بحران کے دوران ہوا ہے۔ صدارتی انتخابات میں ہارنے والے امیدوار عبداللہ عبداللہ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مخالف امیدوار جیت جاتے ہیں تو وہ متوازی حکومت بنائیں گے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے متنبہ کیا ہے کہ اگر صدارتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا گيا تو افغانستان کی سکیورٹی اور امداد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ افغانستان کے ننگرہار صوبے میں تورخم کے قریب نیٹو کے سپلائي اڈے پر ایک حملہ کیا گیا تھا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں تھی۔

واضح رہے کہ اس سال کے آخر تک افغانستان سے نیٹو فورسز جانے کا اعلان کر چکی ہیں۔