اتر پردیش: پاکستان زندہ باد کہنے پرگرفتار

پولیس کے مطابق محمود عالم نامی اس شخص کو مقامی لوگوں کی شکایت پر گرفتار کیا گیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق محمود عالم نامی اس شخص کو مقامی لوگوں کی شکایت پر گرفتار کیا گیا

انڈیا کی شمالی ریاست اترپردیش میں پولیس نے ایک شخص کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار کر کے اس کے خلاف قومی یکجہتی کو خطرے میں ڈالنے کا مقدمہ قائم کیا ہے۔

دہلی کے قریب واقع شاملی کے ضلع میجسٹریٹ نگیندر پال سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ محمود عالم نامی اس شخص کو مقامی لوگوں کی شکایت پر گرفتار کیا گیا اور ’اس نے تھانے کے باہر بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جس کی وجہ سے اس کے خلاف یہ مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔‘

مسٹر سنگھ کے مطابق یہ شخص ’ فرضی ٹائپ‘ کا ہے اور دلی کرنال روڈ پر جعلی آر ٹی او بن کر رقم وصول کر رہا تھا۔

اس سے پہلے خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ محمود عالم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بھی نعرے بلند کیے تھے لیکن مقامی تھانے کے انچارج بی کے سنگھ یادو نے اس کی ترید کی۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا صرف نعرہ بلند کرنے کی وجہ سے کسی کے خلاف اتنا سنگین مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے، مسٹر سنگھ نے کہا کہ ’پولیس کا نظریہ یہ تھا کہ اگر ملک کا کوئی شہری ٹھیک تھانے کے سامنے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کر رہا ہو، اور اس کی ’باڈی لینگوئج‘ بھی ایسی تھی جس سے لگ رہا تھا کہ وہ جذبات میں آ کر نعرے بلند کر رہا تھا، تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔۔۔ لیکن حتمی فیصلہ تو عدالت ہی کرے گی۔‘

اس سے پہلے مارچ میں اتر پردیش کی پولیس نے کرکٹ کے ایک میچ میں پاکستان کی حمایت کرنے پر 67 کشمیری طلبہ کے خلاف بغاوت کے مقدمے قائم کیے تھے لیکن اس کارروائی پر سیاسی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی سخت تنقید کے بعد یہ مقدمات واپس لے لیے گئے تھے۔