جوتے بچ گئے لیکن ملازمت چلی گئی

،تصویر کا ذریعہwebo
چین میں سیلاب سے متاثر ایک گاؤں کا دورہ کرنے والے ایک سرکاری افسر نے اپنے جوتوں کو بھیگنے سے بچانے کے لیے ایک مقامی شخص کی پیٹھ پر سواری کی جس کی وجہ سے انھیں برطرف کر دیا گیا ہے۔
چین کےجنوب مشرقی علاقے میں جون کے وسط میں آنے والے سیلاب سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
مشرقی صوبے جيانگشی کے لینٹين گاؤں میں ٹخنے بھر پانی کو پار کرانے کے لیے افسر کو اپنی پیٹھ پر لے جاتے ہوئے شخص کی تصویر انٹرنیٹ پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ہے۔
چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کی خبروں کے مطابق، وانگ نام کا یہ اہلکار ایک دریا میں طغیانی کی وجہ سے غائب ہونے والے گاؤں کے بچوں کو تلاش کرنے کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔
افسر کو پیٹھ پر لادنے والے شخص ڈینگ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک کلرک ہیں اور انھوں نے وانگ کو کیچڑ والا راستہ پار کرانے کے لیے پیٹھ پر لے جانے کی تجویز پیش کی تھی۔
لیکن وانگ کو یہ پیشکش بہت مہنگی پڑی اور وہ نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق مقامی انتظامیہ نے اس ’غیر مناسب رویے‘ کو منفی اثرات کا محرک قرار دیا اور ان کے خیال میں اس سے پارٹی کے حکام کی ساکھ خراب ہوئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہ
ایپك ٹائمز کے مطابق یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اس طرح کی تصاویر پر لوگوں نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ گذشتہ سال شیجیانگ صوبے کا دورہ کرنے والے کمیونسٹ پارٹی کے نوجوان افسر کو ربڑ کے جوتے پہنے ہوئے ایک بوڑھے شخص کی پیٹھ پر لاد کر لے جاتے ہوئے تصویر لی گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس افسر کو مقامی حکومت کے تعمیرات کے دفتر کے ڈائریکٹر کے عہدے سے معطل کردیا گیا تھا۔
ایک بلاگر کے حوالے سے کہا گیا تھا: ’اگر آپ ہوا میں اڑنے کی جرات کریں گے تو شہری آپ کو زمین پر آنے پر مجبور کر دیں گے۔‘
شنہوا کے مطابق جيانگشی میں 16 جون کو ہونے والی بارش کی وجہ سے 18،500 سے زیادہ لوگوں کو بے گھر ہونا پڑا ہے۔







