گولڈن ٹیمپل میں دو گروپوں میں تصادم

امرتسر میں سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں دو گروپوں میں ہونے والی جھڑپ میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
امرتسر کے پولیس کمشنر جتندر سنگھ اولكھ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں صورتِ حال قابو میں ہے۔
امرتسر میں گولڈن ٹیمپل میں آپریشن بلیو سٹار کے 30 سال مکمل ہونے پر خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا تھا۔
خبروں کے مطابق سکھ مذہب کے سب سے مقدس مقام میں اس بات پر جھڑپ ہوئی کہ پروگرام میں پہلے کون بولے گا۔
ٹی وی چینلوں پر جو ویڈیوز نشر ہوئی ہیں ان میں کچھ لوگوں کو ٹیمپل کی سیڑھیوں سے تلواریں لیے ہوئے اترتے اور جھگڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق 1984 میں امرتسرمیں گولڈن ٹیمپل میں پناہ لینے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران تقریباً ایک ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اسے آپریشن بلیو سٹار نام دیا گیا تھا۔



