جنرل برار پر حملہ کیس، تین سکھ مجرم قرار

بھارت کی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں سکھوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک گولڈن ٹیمپل پر فوجی کارروائی کی قیادت کرنے والے بھارتی فوج کے سابق جنرل کلدیپ سنگھ برار پر لندن میں حملہ کرنے والے دو سکھ مرد اور ایک خاتون کو ایک مقامی عدالت نے مجرم قرار دے دیا۔
لندن پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مندیپ سنگھ سندھو، دلبگ سنگھ اور ہرجیت کور کو دانستہ طور پر جنرل ریٹائرڈ برار پر چاقو کا وار کر کے زخمی کرنے کا مجرم قرار دیا گیا۔
<link type="page"><caption> سکھ انتہاپسند حملے کے ذمہ دار ہیں:جنرل برار</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/india/2012/10/121001_indian_general_attacked_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
ایک چوتھے مجرم برجندر سنگھ سانگھا جنہوں نے اعتراف جرم کر لیا تھا انہیں انیس ستمبر کو باقی مجرموں کے ساتھ سزا سنائی جائے گی۔
پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ چاروں مجرم جو سکھ مذہب سے تعلق رکھتے ہیں انھوں نے دانستہ طور پر جنرل برار پر سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر سنہ انیس سو چوراسی کی کارروائی کرنے کا انتقام لینے کے لیے حملہ کیا۔
پولیس نے کہا کہ اٹھہتر سالہ جنرل ریٹائرڈ برار کی لندن میں موجودگی کے بارے میں علم ہونے کے بعد یہ لوگ لندن آئے اور انھوں نے پوری منصوبہ بندی کے بعد جنرل ریٹائرڈ برار پر حملہ کیا۔
ہرجیت کور برار اور ان کی بیوی کا لندن میں پیچھا کرتی رہیں اور اپنے باقی ساتھیوں کو ان کی نقل و حرکت کے بارے میں موبائل فون کے ذریعے معلومات فراہم کرتی رہیں۔
اس معلومات کی مدد سے تین مجرموں نے برار اور ان کی بیوی پر ہوٹل جاتے ہوئے راستے میں حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برار کے گلے پر چاقو سے وار کیا گیا۔ اس کے بعد تمام مجرم لندن کے مصروف بازار اوکسفورڈ سٹریٹ کی طرف فرار ہو گئے۔
جنرل ریٹائرڈ برار کو سینٹ میری ہسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں پر گردن پر آئے شدید زخم کا علاج کیا گیا۔

خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) کلدیپ سنگھ برار نے امرتسر کے گولڈن ٹمپل میں سنہ 1984 میں ہونے والی فوجی كارروائي کی قیادت کی تھی۔
سکھوں کے سب سے مقدس مقامات میں سے ایک گولڈن ٹیمپل میں پناہ لیے ہوئے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں جرنیل سنگھ بھنڈراوالا بھی تھے جن کی قیادت میں شدت پسند سکھوں کے لیے ایک الگ ریاست خالصتان کا مطالبہ کر رہے تھے۔
آپریشن بلیوسٹار کو تقریباً 30 سال ہو چکے ہیں لیکن جنرل(ر) برار کو اب بھی بھارت میں سخت ترین ’زیڈ‘ سکیورٹی دی جاتی ہے تاہم جب وہ بیرونِ ملک ہوتے ہیں تو عام طور پر ان کے ساتھ سکیورٹی اہلکار موجود نہیں ہوتے۔







