کابل میں وزارتِ داخلہ کے دفتر کے باہر خودکش دھماکہ

افغانستان میں حکام کے مطابق دارالحکومت کابل میں وزارتِ داخلہ کے دفتر کے باہر خودکش حملے میں کم از کم چھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
افغانستان میں سنیچر کو صدارتی انتخابات سے قبل کابل میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے خود کو وزارتِ داخلہ کی عمارت کے باہر دھماکے سے اڑا لیا۔
دریں اثنا مشتبہ طالبان نے صوبائی کونسل کے انتخابات کے ایک امیدوار حسین نظری سمیت نو افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
حسین نظری اور ان کے حامیوں کو تین دن پہلے انتخابی مہم کے دوران شدت پسندوں نے اغوا کر لیا تھا۔
افغانستان میں صدارتی انتحابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں ویسے ہی پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کابل میں چند دن پہلے ہی الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ کرنے والے پانچ شدت پسندوں کو افغان سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا تھا۔
اس واقعے سے ایک دن قبل ہی ایک امریکی خیراتی ادارے کے زیرِ استعمال گیسٹ ہاؤس پر پانچ افراد نے حملہ کیا جس میں پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران ایک کمسن افغان بچی بھی اس وقت ہلاک ہوئی ہے جب ایک خودکش حملہ آور نے مہمان خانے کے دروازے پر گاڑی میں دھماکہ کیا۔







