ممبئی گینگ ریپ: چار ملزمان مجرم قرار

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی کے شہر ممبئی کی سیشن عدالت نے گذشتہ برس ایک خاتون صحافی کے گینگ ریپ کے معاملے میں چاروں ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
چاروں افراد پر پانچ جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا جن میں گینگ ریپ، غیر فطری جنسی عمل اور ثبوتوں کو مٹانا شامل ہے۔
عدالت مجرموں کو سزا جمعے کو سنائے گی۔ جمعرات کو عدالت میں فیصلے کے وقت مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل بھی موجود تھے۔
ممبئی کے شکتی مل کے پاس 22 اگست 2013 کو پانچ افراد نے ایک خاتون صحافی کو ریپ کیا تھا۔ ان میں سے ایک ملزم کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہے اس لیے ان کے خلاف نابالغوں کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔
ان چار مجرموں کو زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق اجتماعی زیادتی کی شکار خاتون ممبئی میں ایک انگریزی رسالے کے ساتھ وابستہ ہیں اور وہ شکتی ملز نامی کارخانے میں اپنے ساتھی کے ساتھ شوٹ کرنے گئی تھیں۔ اس حملے کے دوران ان کے مرد ساتھی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔



