بھارت: ریاستی انتخابات، ابتدائی رجحانات میں بی جے پی آگے

بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ابتدائی رحجانات کے مطابق بی جے پی سب سے آگے نظر آ رہی ہے۔
دو اہم اور بڑی ریاستوں راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی زبر دست کامیابی کی جانب گامزن ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلی اور کانگریس کے رہنما اشوک گہلوت نے راجستھان میں اپنی ہار تسلیم کر لی ہے۔ حالانکہ ابھی رجحانات ہی سامنے آئے ہیں اور جیت کا اعلان نہیں ہوا ہے تاہم ریاست میں ان کی پارٹی کافی پیچھے چل رہی ہے۔
دارالحکومت دہلی میں ایک نوزائیدہ پارٹی یعنی عام آدمی پارٹی کا جادو چلا لیکن ابھی بھی بی جے پی سب سے آگے ہے۔ برسر اقتدار کانگریس کو لوگوں نے تقریبا مسترد کر دیا ہے۔
ابتدائی رجحانات کے مطابق مدھیہ پردیش کی 230 نشستوں میں 145 سیٹوں پر جماعت بی جے پی کو برتری حاصل ہے جبکہ 59 سیٹوں پر کانگریس بھی کامیاب ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
مدھیہ پردیش راجستھان، چھتیس گڑھ اور میزورم کے علاوہ دارالحکومت دہلی میں بھی اسمبلی انتخابات منعقد کیے گئے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ان نتائج کے سنہ 2014 میں ہونے والے عام انتخابات پر اثرات مرتسم ہوں گے۔

دہلی میں کل 70 سیٹیں ہیں اور وہاں مقابلہ سہ رخی ہوتا جا رہا ہے۔ 24 سیٹوں پر عام آدمی پارٹی جبکہ نو سیٹوں پر کانگریس اور 34 سیٹوں پر بی جے پی آگے ہے۔
چھتیس گڑھ میں مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ ابھی تک ملنے والے رجحانات کے مطابق کانگریس 44 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ بی جے پی بھی 44 سیٹوں پر آگے ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
راجستھان میں کل 200 اسمبلی سیٹیں ہیں اور وہاں بھی مقابلہ برسراقتدار جماعت کانگریس اور بی جے پی کے ہی درمیان ہے۔ راجستھان میں بی جے پی 136 پر جبکہ کانگریس 30 سیٹوں پر آگے ہے۔
میزورم میں مقابلہ حمکراں جماعت کانگریس اور ديگر علاقائی پارٹیوں کے درمیان ہے۔







