’لالو کے جیل جانے سے پارٹی کو فائدہ ہوگا‘

رابڑی دیوی اس وقت بہار کی وزیر اعلی بنی تھیں جب لالو یادو کو نوے کی دہائی میں جیل جانا پڑا تھا
،تصویر کا کیپشنرابڑی دیوی اس وقت بہار کی وزیر اعلی بنی تھیں جب لالو یادو کو نوے کی دہائی میں جیل جانا پڑا تھا

بھارت کی شمالی ریاست بہار کی سابق وزیراعلی اور لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر بے قصور ہیں اور ان کے جیل جانے سے ہمدردی کی لہر پیدا ہوئي ہے۔

بہار کی سابق وزیر اعلی نے کہا کہ نتیش کمار نے اگر چہ بظاہر بی جے پی کا ساتھ چھوڑ دیا ہے لیکن وہ اب بھی ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر وہ بہار میں نریندر مودی کی آئندہ انتخابی ریلی روک کر دکھا ئیں۔

بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے رابڑی دیوی نے کہا ’ابھی کچھ ہی مہینے ہوئے ہیں انھیں (نتیش کمار) بی جے پی کو چھوڑے ہوئے لیکن اڈوانی ان کے لیے اچھے ہیں اور نریندر مودی برے ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔ اگر ان میں ہمت ہے تو بہار میں نریندر مودی کی ریلی کو روک کر دکھائیں‘۔

چارہ گھپلے میں سزا ملنے کے بعد لالو پرساد یادو کی لوک سبھا کی رکنیت ختم ہونے پر رابڑی نے کہا ’رکنیت تو ختم ہو گئی ہے لیکن میں مانتی ہوں کہ وہ معصوم ہیں انھیں پھنسایا گیا ہے۔ وہ پسماندہ طبقے کے لیڈر ہیں اس لیے ان کے خلاف ایسا کیا گیا ہے۔ ہم تو مانتے ہیں گھپلہ ہوا ہے لیکن اسے سامنے لانے والے تو لالو پرساد یادو ہی ہیں اور انھی کو پھنسا دیا گیا ہے‘۔

واضح رہے کہ بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کی پارلیمان کی رکنیت ختم کردی گئی ہے اور وہ چارہ گھپلے سے متلق ایک کیس میں پانچ سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کےتحت اگر کسی شخص کو دو سال سے زیادہ کی سزا سنائی جاتی ہے تو وہ کسی قانون ساز ادارے کا رکن نہیں رہ سکتا۔

لالو پرساد یادو بہار کے سارن حلقے سے لوک سبھا کے رکن تھے۔ اب وہ گیارہ سال تک اتنخابی سیاست میں حصہ نہیں لے سکیں گے کیونکہ سزا پوری کرنے کے پانچ سال بعد تک وہ کوئی الیکشن نہیں لڑ سکتے۔

رابڑی دیوی کا خیال ہے کہ ان کے جیل جانے سے عوام میں ایک قسم کی ہمدردی کی لہر اٹھی ہے جس سے آئندہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو فائدہ ہوگا۔

کیا لالو یادو کی غیر موجودگی سے نتیش کمار کی پوزیشن مضبوط ہوگی تو ان کا کہنا تھا ’ایسا نہیں ہے۔لوگ تو یہ کہہ رہے تھے کہ لالو جی جیل جائیں گے تب کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ کابینہ میں توسیع کیوں نہیں کی جاری ہے؟ کس نے روکا ہے۔ بہار کی عوام نتیش کا ساتھ چھوڑ چکی ہے‘۔

وزیر اعلی نتیش کمار کے ریاست میں ترقی کے دعوے پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ترقی کی حقیقت دیکھنی ہے تو بہار آئیں اور نیچے اتر کر دیکھیے۔ شہری بازار کی ترقی تو ترقی نہیں ہوتی۔ بہار کی عوام کو نتیش کو کہاں بٹھا دیا ہے وہ سب دیکھ رہے ہیں۔ بزنس والے لوگوں کے ساتھ وہ سرمایہ کاری کی باتیں کرتے ہیں لیکن وہ بہار کے عوام کے لیے نہیں ہیں۔