آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا: ٹرین سٹیشن سے سات ماہ کے بچے کا اغوا، خاتون بی جے پی رہنما اور دو ڈاکٹر گرفتار
- مصنف, نیاز فاروقی
- عہدہ, بی بی سی، نئی دہلی
انڈیا میں ایک ٹرین پلیٹ فارم پر ماں کے ساتھ سوئے ہوئے بچے کو اغوا کرنے کی چونکا دینے والی ویڈیو منظر عام پر آنے کے پانچ دن بعد ریاست اتر پردیش اور ریلوے پولیس نے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ایک مقامی رہنما اور ان کے شوہر سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
یہ واقعہ پولیس کے مطابق 24 اگست کو صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔
جنرل ریلوے پولیس (جی آر پی) کی جانب سے جاری کردہ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ سات ماہ کا یہ بچہ متھرا سٹیشن کے پلیٹ فارم پر اپنی ماں کے ساتھ سویا ہوا ہے۔
رات کے وقت سنسان پلیٹ فارم پر ایک آدمی آہستہ آہستہ سوئی ہوئی اس فیملی کے قریب پہنچتا ہے اور پھر بچے کو اٹھا کر بھاگ جاتا ہے۔
اسی واقعے سے جڑی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر سٹیشن کے باہر وہی شخص بچے کے ساتھ ایک آٹو رکشہ میں سوار ہوتے نظر آ رہا ہے۔
ریلوے پولیس متھرا کے ایس پی محمد مشتاق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے بچے کا سراغ لگانے کے لیے چھ ٹیمیں تشکیل دیں اور تفتیش میں ایک سنڈیکیٹ یعنی ایسے منظم گروہ کا پردہ فاش ہوا جس میں دو ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔
بچے چرانے والا گینگ
پولیس کا کہنا ہے کہا کہ یہ ڈاکٹر متھرا سے چند کلومیٹر دور ضلع ہاتھرس میں اور دو نرسوں سمیت دیگر افراد کی مدد سے ایک ہسپتال سے سنڈیکیٹ کو چلاتے تھے۔
ان ڈاکٹروں کو واردات کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتے ہوئے جی آر پی آفس نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ مغوی بچہ متھرا سے تقریبا 100 کلو میٹر دور فیروز آباد سے بازیاب کر لیا گیا جس کے بعد اسے اس کی ماں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایس پی مشتاق کا کہنا تھا کہ ’ہمیں تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ یہ ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں، جس میں چند بچہ چرانے والے ہیں، چند بچہ بیچنے والے ہیں اور گینگ میں چند خواتین بھی شامل ہیں۔‘
پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور کال ریکارڈ کی مدد سے ملزمان تک پہچنے میں کامیاب ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
بیٹے کی خواہش
پولیس کے مطابق فیروز آباد سے تعلق رکھنے والی بی جے پی لیڈر وینیتا اگروال کو بیٹے کی خواہش تھی۔
انھوں نے شوہر کرشنا مراری اگروال کی مدد سے مبینہ طور پر بچوں کی سمگلنگ کرنے والے اس گروہ کو 1.8 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے کو اٹھانے والا شخص اس سٹیشن پر سامان بیچتا تھا اور وہ بھی پولیس کی حراست میں ہے۔
بچے کی ماں گھومنے کے لیے متھرا شہر آئی تھیں جو نئی دہلی سے تقریباً 150 کلومیٹر دور ایک بڑا ہندو مذہبی زیارت گاہ ہے۔
اس گروہ کے بارے میں مزید وضاحت کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ ’جن جوڑوں کے بچے نہیں ہیں وہ ان نرسوں سے رابطہ قائم کرتے ہیں۔ وہ جوڑے کو ہسپتال لے جاتی ہیں جہاں بچوں کو خریدا اور بیچا جاتا ہے۔‘
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے والی ٹیم کے لیے 25000 روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
انڈیا کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں 77,535 بچے (17,977 لڑکے، 59,544 لڑکیاں اور 14 خواجہ سرا) لاپتہ ہوئے۔ 2020 کے مقابلے میں 2021 میں اس تعداد میں 30.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اگرچہ حکومت نے گزشتہ سال 76827 بچوں (17,845 مرد، 58,980 خواتین اور 2 خواجہ سراؤں) کو بازیاب یا ان کا سراغ لگا لیا لیکن اب بھی ہزاروں بچے لاپتہ ہیں جو گزشتہ برسوں میں غائب ہوئے تھے۔