آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نئے سال کے موقع پر انڈیا کے زیر انتظام جموں کشمیر کے مندر میں بھگدڑ، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی
انڈیا کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر میں ہندوؤں کے مقدس مقام ماتا ویشنو دیوی مندر کے احاطے میں سال نو کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک تنازعے کی وجہ سے لوگوں نے ایک دوسرے کو دھکا دینا شروع کر دیا جس کی وجہ سے بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
انڈین خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ ’کٹرا کے ماتا ویشنو دیوی مندر کے احاطے میں 12 افراد کی موت ہوئی اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ صبح 2:45 بجے پیش آیا۔‘
کٹرا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر گوپال دت نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ میں 12 افراد کی موت ہوئی۔ ہلاک ہونے والوں میں دلی، ہریانہ، پنجاب اور جموں و کشمیر کے لوگ شامل ہیں۔ مزید معلومات آنا باقی ہیں۔ زخمیوں کو نارائنا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
انکوائری کمیٹی کی تشکیل
اس واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ٹویٹ کیا کہ ’ماتا ویشنو دیوی مندر کی بھگدڑ میں ہونے والی اموات سے انتہائی افسردہ ہوں۔ میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘
اس کے ساتھ ہی لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دس دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ شرائن بورڈ زخمیوں کے علاج کے اخراجات بھی برداشت کرے گا۔
سنہا نے کہا ہے کہ انھوں نے بھگدڑ کے واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور انکوائری کمیٹی کی سربراہی پرنسپل سکریٹری (ہوم) کریں گے جس میں اے ڈی جی پی بھی شامل ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
منوج سنہا کے دفتر نے ٹویٹ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی ہے اور انھیں اس واقعہ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی اور وزیراعظم نے پوری مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عینی شاہدین نے کیا بتایا؟
جموں میں بی بی سی کے ایسوسی ایٹ صحافی موہت کندھاری نے بتایا ہے کہ غازی آباد سے تعلق رکھنے والے ایک عقیدت مند نے اس واقعہ کی معلومات دیتے ہوئے انھیں بتایا کہ یہ واقعہ رات تقریباً ایک بجے کے قریب بے قابو ہجوم کی وجہ سے پیش آیا۔
انھوں نے کہا کہ ’اگر حکام کو معلوم تھا کہ مندر کے احاطے میں زیادہ بھیڑ جمع ہو رہی ہے تو انھوں نے یاترا کو کیوں نہیں روکا، اگر یاترا کو وقت پر روک دیا جاتا تو یہ حادثہ نہ پیش آتا۔‘
انھوں نے بتایا کہ اس واقعہ سے قبل بھیڑ بے قابو ہو گئی تھی لیکن اس وقت بھگدڑ نہیں مچی تھی، تنگ راستہ ہونے کی وجہ سے عقیدت مندوں نے دونوں طرف سے جانا چاہا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
گورکھپور سے تعلق رکھنے والے عقیدت مند نے موہت کندھاری کو بتایا کہ وہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ درشن (زیارت) کے لیے آئے تھے۔
ان کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ عمارت کے احاطے میں کینٹین کے پاس بیٹھے تھے بھگدڑ کے بعد ان کے ساتھ آنے والے دوست کا کچھ پتہ نہیں چلا۔
انھوں نے بتایا کہ ’ہم نے اسے رات دو بجے سے صبح چھ بجے تک تلاش کیا جب وہ نہ ملا تو ہم ہسپتال پہنچے جہاں معلوم ہوا کہ اس کی موت ہو چکی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم مودی کا بھی امدادی رقم کا اعلان
وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ میں لوگوں کی موت سے انتہائی دکھی ہوں۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت، حادثے میں زخمی ہونے والے جلد صحت یاب ہوں۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’میں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی اور موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔‘
وزیراعظم مودی نے بھگدڑ میں مرنے والوں کے لواحقین کو وزیراعظم ریلیف فنڈ سے دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ کا حادثہ افسوسناک ہے۔ مرنے والوں کے اہلخانہ سے میری تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔‘
وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیا ’ماتا ویشنو دیوی مندر میں ہونے والے المناک حادثے سے دل بہت افسردہ ہے۔ میں نے اس سلسلے میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی سے بات کی ہے۔ انتظامیہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ میں اس حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘
5,200 فٹ کی بلندی پر مندر
ماتا ویشنو دیوی مندر جموں کے ریاستی ضلع میں 5,200 فٹ کی بلندی پر ایک غار میں تعمیر مندر ہے جس کا انتظام ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے پاس ہے۔
ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند یہاں پہنچتے ہیں اور اس برس بھی نئے سال کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں جمع ہیں۔
سنہ 2021 میں تقریباً 56 لاکھ عقیدت مندوں نے ماتا کے مندر کے درشن کیے تھے۔