ممبئی: ریلوے سٹیشن میں بھگدڑ 22 افراد ہلاک، 30 سے زیادہ زخمی

انڈیا کے شہر ممبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ ممبئی کے ریلوے سٹیشن پر مصروف وقت میں بھگدڑ مچنے سے 22 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ پیدل چلنے والوں کے پل پر پیش آیا جو ایلفنسٹن روڈ کو مقامی ریلوے سٹیشن سے ملاتا ہے۔ یہ سٹیشن شہر کی دو بڑی مقامی ٹرینوں کو آپس میں ملاتا ہے۔ حکام کے مطابق سٹیشن پر یہ واقعہ لوگوں کے ہجوم اور تیز بارش کے باعث پیش آیا۔

زخمی افراد کو قریب ہی واقع ہسپتال لے جایا گیا ہے اور ریلوے اعلیٰ حکام واقعے کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیدل چلنے والے افراد زخمیوں کو سیڑھیوں سے اتار کر نیچے لا رہے ہیں اور زمین پر لٹا کر ان کی دھڑکنیں بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ممبئی کی مقامی ٹرینیں شہر کے دو کروڑ افراد کی زندگیوں میں خاصی اہمیت رکھتی ہیں۔ ممبئی کے مصروف ریلوے سٹیشنوں پر حادثات بھی عام ہیں۔

ریلوے کے ترجمان انیل سکسینا نے صحافیوں کو بتایا کہ پیدل چلنے والوں کے پل پر کافی رش تھا کیونکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے تیز بارش سے بچنے کےلیے اس پر پناہ لی تھی اور ٹرین کی آمد پر سب نے ایک ساتھ پل سے ٹرین کی جانب رخ کیا۔

ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی انکوائری کرائی جائے گی۔

ممبئی میں بی بی سی کی نامہ نار یوگیتا لامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے نے ایک بار پھر ممبئی کے ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظر عام پر لے آیا ہے جس کے فرسودہ اور گنجائش سے کم ہونے پر پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔