جب دیوالی کے اشتہار میں شاہ رخ کی موجودگی سے ایک چھوٹی سی بیکری کی فروخت دوگنی ہو گئی

بیکری

،تصویر کا ذریعہIG/amoobakes

امریتا چغ کورونا وبا کے دوران نوکری چھوڑنے کے بعد دلی میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ ’امو بیکس‘ نامی ایک بیکری چلاتی ہیں۔

دیوالی کے تہوار سے محض چند پہلے امریتا نے اپنے کاروبار کا اشتہار آن لائن شیئر کیا جس میں بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان اپنے خاص انداز میں بتاتے ہیں کہ ’اپنی پاس والی امّو سے (مٹھائی خریدی ہے)، آپ بھی اپنی مٹھائی وہیں سے لینا تاکہ آپ کے ساتھ ان کی دیوالی بھی میٹھی ہو جائے۔‘

اس اشتہار کو آن لائن شائع کرنے کے چند ہی دن میں امرتا کی بیکری کی فروخت دوگنی ہو گئی۔

انھوں نے بیکری اس وقت شروع کی تھی جب کووڈ 19 وبا عروج پر تھی اور جس کی وجہ سے شہر میں تقریباً سبھی تجارتی سرگرمیاں بند تھیں۔ وہ اپنی مصنوعات کو آن لائن فروخت کرتی تھیں جو کہ کاروباری لحاظ سے ان کے لیے بہتر تھا کیونکہ لوگ ان دنوں خود باہر جانے کے بجائے آن لائن آرڈر کرنے کو ترجیح دے رہے تھے لیکن پھر بھی ان کا کاروبار قریبی دوستوں تک ہی محدود تھا۔

لیکن شاہ رخ کے ساتھ اشتہار نے سب کچھ تبدیل کر دیا۔ ان کی فروخت دوگنی ہو گئی اور سب سے اہم بات یہ ہوئی کہ شاہ رخ کے نام کی وجہ سے ان کے برانڈ کو ایک خاص پہچان ملی۔

شاہ رخ جیسے مہنگے فلمی ستارے کو اشتہار میں لانا کیسے ممکن ہوا؟

لیکن ایک معمولی کاروبار جو امریتا اپنے گھر سے چلاتی ہیں، اس کے اشتہار میں شاہ رخ خان جیسے مہنگے فلمی ستارے کو لانا کیسے ممکن ہوا؟

اس کا جواب مٹھایاں بنانے والی کمپنی کیڈبری کے ذریعے چلائی جانے والی اشتہاری مہم ’ناٹ جسٹ کیڈبری ایڈ‘ میں ہے۔

اس مہم کے ذریعے کمپنی نے لوگوں کو دعوت دی کہ وہ اپنی مقامی دکانوں کو کیڈبری کی ویب سائٹ پر 4 زمروں میں سے کسی ایک میں رجسٹر کریں اور وہ ہیں فیشن، ریٹیل، جوتے اور الیکٹرانکس۔

ایک بار جب آپ ویب سائٹ پر دکان کی تفصیلات درج کر لیتے ہیں تو کمپنی آپ کو فوراً ایک ویڈیو اشتہار بھیجتی ہے جس میں شاہ رخ آپ کے سٹور کے لیے اشتہار دے رہے ہوتے ہیں۔

وہ مقامی دکانوں سے خریداری کی اپیل کے ساتھ کچھ یوں کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ ’ہمارے آس پاس جو دُکانیں ہیں، اُن کی دیوالی بھی تو میٹھی ہونی چاہیے نا۔‘

اس اشتہار کو بنانے کے لیے کیڈبری نے اشتہارات اور مارکیٹنگ کی کمپنی ’اوجلوی‘ اور ایک مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’ریفریز اے آئی‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

کمپنی نے شاہ رخ خان کے ساتھ چار ٹیمپلیٹ اشتہار بنایا جو چار زمرے میں مقامی دکانداروں کو فروغ کرنے کی بات کرتا ہے لیکن یہ ممکن نہیں کہ شاہ رخ ہر ایک دکان کے لیے ایک خاص اشتہار بنائیں۔

اس لیے اشتہار میں ان کی آواز اور بولنے کے طریقے کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس طرح استعمال کیا گیا ہے کہ دکانوں کے نام عام لوگوں کو پوری طرح سے قدرتی نظر آتے ہیں۔

اس اشتہار میں مصنوعات کی تشہیر کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال انڈیا میں شاید پہلی بار ہوا تاہم بین الاقوامی سطح پر مصنوعات کی تشہیر کے علاوہ اشتہاری مواد کو بہتر بنانے، صحیح سامعین تک پہنچانے اور اشتہاری فنڈز کے بہتر استعمال کے لیے مصنوعی ذہانت کو استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’لوگوں نے سوچا میں نے شاہ رخ سے اپنا اشتہار بنوایا‘

سید نعیم جعفری جو گجرات میں گاؤں کی سطح پر ’ہارٹی مارٹ‘ نامی ایک سپرمارکیٹ چین کی رہنمائی کرتے ہیں، کہتے ہیں کہ چونکہ اکثر لوگ اشتہار کے پس منظر کی ٹیکنالوجی کے بارے میں نہیں جانتے تھے، اس لیے بہت سے لوگوں نے سوچا کہ میں نے واقعی شاہ رخ خان سے اشتہار بنوایا۔

جعفری کہتے ہیں کہ اس مہم نے انھیں آسانی سے شاہ رخ تک رسائی فراہم کرائی۔ اگرچہ ان کے سٹورز میں تقریباً 60 کروڑ کا کاروبار ہے لیکن پھر بھی وہ شاہ رخ کو اپنے اشتہار میں لانے کے قابل نہیں تھے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’شاہ رخ خان کو بھول جائیے، ہم شاہد کپور کو بھی لانے کے قابل نہیں تھے۔‘

امریتا بھی کہتی ہیں کہ یہ اشتہار اتنا قدرتی نظر آرہا تھا کہ بہت سے لوگوں نے سوچا کہ ’میں نے واقعی میں شاہ رخ سے اشتہار بنوایا۔ کچھ لوگ تو فوراً میری پروڈکٹس خریدنے کے لیے قائل ہو گئے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’یہ میرے لیے مضحکہ خیز بات تھی لیکن لوگوں کے ردعمل سے میں حیرت زدہ بھی تھی۔ میں سوچ رہی تھی کہ یا خدا یہ کیسے ہوا؟‘

سوشل میڈیا پر ردعمل

سوشل میڈیا پر بھی اس اشتہار کی بڑے پیمانے پر تعریف ہوئی اور چند افراد اسے اشتہارات کی دنیا میں ایک نئے دور کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

ییل یونیورسٹی کے پروفیسر زو چانس نے کہا کہ یہ اشتہار ’میگا سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ آپ کے مقامی کاروبار کا نام بتانے کے لیے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔ کیا بات ہے!‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Zoebchance

ایک ٹوئٹر صارف سمیت کشیپ نے لکھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ آپ نے کیڈبری کے نئے اشتہارات دیکھے ہیں یا نہیں لیکن یہ کافی اچھا ہے۔ اسے شاہ رخ کے علاوہ اور کون کر سکتا ہے۔ اب تک سب سے ہائی ٹیک اشتہار۔‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter/@sumitkashyapjha