چین پاکستان میں ٹڈیوں سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں بھیجے گا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں فصلوں کو نقصان پہنچانے والی ٹڈیوں سے نمٹنے کے لیے چین ایک لاکھ بطخیں پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
چین کے زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک بطخ روزانہ دو سو سے زیادہ ٹڈیاں کھا سکتی ہے اور یہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کرم کش ادویات سے زیادہ موثر ثابت ہوتی ہیں۔
پاکستان نے رواں ماہ کے آغاز میں ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ملک میں دو دہائیوں میں ہونے والا بدترین حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹڈی دل لاکھوں کی تعداد میں جنوبی ایشیا کے علاوہ مشرقی افریقہ میں بھی تباہی مچا رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چینی حکومت نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ وہ ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان بھیجے گی جو ٹڈی دل کے خاتمے کا پروگرام بنائے گی۔
ژےجینانگ زرعی اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے محقق لو لزہی کا کہنا ہے کہ بطخیں اس معاملے میں ’حیاتیاتی ہتھیار‘ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں مرغیاں دن میں 70 ٹڈیاں ہی کھا پاتی ہیں بطخوں کی خوراک ان سے تین گنا زیادہ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چونکہ بطخیں گروپ کی شکل میں رہنا پسند کرتی ہیں اس لیے انھیں سنبھالنا بھی آسان ہے۔
بلومبرگ نیوز ایجنسی کے مطابق لو لزہی کا کہنا تھا کہ چین کے صوبے سنکیانگ میں بطخوں کی مدد سے ٹڈیوں کے خاتمے کے تجرباتی منصوبے کا آغاز آنے والے مہینوں میں کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اس کے بعد بطخوں کو سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سنہ 2000 میں چین نے زیہجیانگ نامی صوبے سے سنکیانگ میں اس وقت 30 ہزار ہطخیں بھیجی تھیں جب وہاں ٹڈی دل نے حملہ کیا تھا۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق حال ہی میں ٹڈیوں کے حملوں میں اضافے کی وجہ 2018-19 کے سیزن میں انھیں افزائش کے لیے موزوں ترین موسم کا ملنا ہے۔
جنوری میں اقوامِ متحدہ نے مشرقی افریقہ میں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے عالمی مدد کی اپیل کی تھی۔
اس وقت ایتھیوپیا، صومالیہ اور کینیا ٹڈی دل کے حملوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور ان کیڑوں نے وہاں بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ کر دی ہیں۔











