انڈیا: بنارس یونیورسٹی ڈاکٹروں کو بھوت پریت کے وہم میں مبتلا افراد کے علاج کی تعلیم دے گی

انڈیا کی ایک معروف یونیورسٹی ڈاکٹروں کو اب ایک ایسے کورس کی تعلیم دے رہی ہے جس میں اُن افراد کے طریقہ علاج کے متعلق پڑھایا جائے گا جو بھوت پریت دیکھنے یا ان کے زیرِ اثر ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔

انڈیا کے شمالی شہر واراناسی کی بنارس ہندو یونیورسٹی آئندہ برس جنوری سے چھ ماہ دورانیے کا یہ کورس شروع کر رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے اس کورس کے ذریعے اُن نفسیاتی امراض پر توجہ دی جائے گی جن کے زیر اثر افراد انھیں مافوق الفطرت واقعات سمجھ لیتے ہیں۔

اس کورس کی تعلیم یونیورسٹی کے شعبہ برائے آیورویک کے اساتذہ دیں گے جو انڈیا میں قدیم ہندو نظامِ طب اور شفا قرار دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بنارس یونیورسٹی کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ یونیورسٹی میں بھوت پریت کے طریقہ علاج کی تعلیم (گھوسٹ سٹڈیز) کا ایک الگ مرکز قائم کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی کے شعبہ آیورویک کی ڈین یامنی بھوشن ترپاتھی کا کہنا ہے کہ ’بھوت ودیا بنیادی طور پر نفسیاتی امراض، نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہونے والی دماغی بیماریوں یا نفسیاتی حالات کے متعلق تعلیم ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ بنارس یونیورسٹی ملک کی پہلی یونیورسٹی ہے جو ایسا کورس متعارف کروا رہی ہے جس سے ڈاکٹروں کو آیورویدک علاج کے ذریعے بھوت پریت سے جڑے امراض کے علاج کے بارے میں تعلیم دی جائے گی۔

آیورویدک طریقہ علاج میں عموماً دیسی جڑی بوٹیوں سے بنی ادویات، خوراک میں تبدیلی، مالش، سانس لینے کی ورزش سمیت دیگر ورزشیں شامل ہوتی ہے۔

انڈیا کے قومی ادارہ برائے ذہنی صحت و نیورو سائنس کی سنہ 2016 میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق تقریباً 14 فیصد انڈین آبادی ذہنی امراض کا شکار ہے۔ جبکہ سنہ 2017 میں عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق تقربیاً 20 فیصد آبادی زندگی کے کسی حصے میں ایک مرتبہ ڈپریشن کے مرض کا شکار ہوئی ہے۔

لیکن 1.3 ارب افراد کی آبادی والے ملک میں چار ہزار سے بھی کم ذہنی صحت سے متعلق ڈاکٹرز موجود ہیں اور ان مسائل کے بارے میں ملک میں بہت کم آگاہی ہے۔

ذہنی مسائل کو انڈین معاشرے میں بری نظر سے دیکھا جاتا ہے اور اسی وجہ سے ان مسائل کا شکار بہت کم افراد علاج کے لیے کسی ماہر ڈاکٹر سے مدد لیتے ہیں۔

زیادہ تر افراد خصوصاً دیہی یا پسماندہ علاقوں میں رہنے والے اپنے ذہنی امراض کے علاج کے لیے بھوت پریت نکالنے والے پیروں، عاملوں یا ہندو مذہب میں بدروحوں کو قبضے میں رکھنے والے شمنیوں کے پاس جاتے ہیں۔

بنارس یونیورسٹی کی جانب سے حکومتی سرپرستی میں بھوت پریت کے علاج کی تعلیم شروع کرنے کی خبر کو انڈیا کے چند سماجی حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان افراد کا کہنا تھا کہ ذہنی صحت سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے دوائی اور بحالی کے مراکز زیادہ مناسب طریقہ علاج ہے۔

جبکہ چند صارفین نے یہ اعتراض اٹھایا کہ اس کورس کا کوئی بہتر نام ہو سکتا تھا۔

جبکہ ایک صارف نے ٹوئٹ کے ذریعے اس بات کا اظہار کیا کہ دنیا میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اور مشین لرننگ کی باتیں ہو رہی ہیں جبکہ انڈیا میں بھوت پریت کی تعلیم شروع کی جا رہی ہے۔