انڈین ایئر فورس: کشمیر کے علاقے بڈگام میں ہمارا ہیلی کاپٹر ہماری ہی غلطی سے گرا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈین ایئر فورس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 27 فروری کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں گرنے والا انڈیا کا ایم آئی 17 وی 5 ہیلی کاپٹر خود انڈین میزائل کا نشانہ بنا۔
انڈیا کا یہ ہیلی کاپٹر سری نگر کے قریبی علاقے بڈگام میں گرا تھا اور اس واقعے میں انڈین ایئر فورس کے چھے اہلکار اور ایک سویلین ہلاک ہوئے تھے۔
یہ واقعہ اس دن پیش آیا جب انڈین اور پاکستانی لڑاکا طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ کیا تھا۔
اس سے قبل مئی میں انڈین ایئر فورس نے سری نگر ایئر بیس کے ایئر آفسر کمانڈنگ کو ایم آئی 17 کے حادثے کے معاملے میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
جمعے کو دارالحکومت نئی دہلی میں ایک میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انڈین ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل راکیش کمار سنگھ نے کہا کہ اپنا ہی ہیلی کاپٹر گرانا ’بہت بڑی غلطی‘ تھی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب انڈین ایئر فورس کا کہنا ہے کہ دو افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایئر چیف مارشل راکیش کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ ایک کورٹ آف انکوائری نے گذشتہ ہفتے اپنی تحقیقات مکمل کر لی تھیں۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ ’یہ ہماری بہت بڑی غلطی تھی اور ہم اسے قبول کرتے ہیں۔ ہمارے ایک میزائل نے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا اور یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے انتظامی اور تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے، اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات مستقبل میں رونما نہ ہوں۔
واضح رہے کہ سرینگر کے قریب بڈگام میں اس ہیلی کاپٹر کے گرنے سے ایک دن قبل انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستان کے شہر بالاکوٹ میں ’جیشِ محمد کے تربیتی کیمپ‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس دعوے کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

اس کے اگلے ہی دن انڈیا کی جانب سے پاکستانی حدود میں طیارے بھیجے گئے جن میں سے کم از کم ایک پاکستان کی ایئر فورس نے گرایا اور اس کے پائلٹ ابھینندن ورتھمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بعد میں انھیں ’جذبہ خیر سگالی‘ کے تحت رہا کر دیا گیا تھا۔
کورٹ آف انکوائری نے پایا کہ سرینگر ایئربیس پر نصب سپائیڈر ایئر ڈیفینس میزائل سسٹم کے فائر نے ہی انڈین ہیلی کاپٹر کو تباہ کیا تھا۔
انکوائری میں پایا گیا کہ اس ایئر ڈیفینس سسٹم کے منتظم اہلکار انڈین ہیلی کاپٹر کو دشمن میزائل سمجھ بیٹھے تھے جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے ٹیک آف کے دس منٹ کے بعد ہی یہ واقعہ پیش آیا۔
میزائل لگنے سے ہیلی کاپٹر دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو کر شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’ایسا نہیں ہوگا کہ ہمارے پائلٹس کو وہ نہ سنائی دے جو انھیں سننا چاہیے۔‘ یہ انھوں نے ان اطلاعات کے تناظر میں کہا جن کے مطابق ونگ کمانڈر ابھینندن کا اپنے کنٹرولر کے ساتھ رابطہ جام ہوگیا تھا اور انھیں مزید ہدایات نہیں مل سکی تھیں۔
ایئر چیف مارشل نے مزید کہا کہ 27 فروری کو پاکستان ایئر فورس اگر ہماری ملٹری تنصیبات پر حملہ کرتی تو یہ جنگ کو فروغ دینے والا اقدام ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ایئر فورس اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہی اور یہ کہ انھیں ان کی ناکامی کی خوشی ہے۔
انھوں نے کہا کہ انڈین ایئر فورس مختصر نوٹس پر لڑائی کے لیے تیار ہے اور یہ کہ ان کے پاس طویل جنگ لڑنے کی صلاحیت ہے۔










