آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
73 سالہ انڈین خاتون کے ہاں جڑواں بچیوں کی پیدائش
انڈیا کی مغربی ریاست آندھرا پردیش میں ایک 73 سالہ خاتون نے جڑواں بچیوں کو جنم دیا ہے۔
73 سالہ خاتون منگیاما یارامتی کے ہاں جڑواں لڑکیوں کی پیدائش ایک مقامی ہسپتال میں جمعرات کو آئی وی ایف طریقہ علاج سے ہوئی ہے۔ ڈاکٹر اوما شنکر نے بی بی سی تیلگو کو بتایا کہ 'زچہ اور بچیاں ٹھیک ہیں۔'
منگیاما یارامتی کے شوہر کی عمر 82 برس ہے۔ منگیاما نے بتایا کہ ان کی اور ان کے شوہر کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کہ یاں بچے ہوں مگر اب تک وہ اولاد سے محروم تھے۔
بچیوں کی پیدائش کے بعد بی بی سی تیلگو سے بات کرتے ہوئے ان کے والد سیتراما راجراؤ کا کہنا تھا کہ 'ہم بے حد خوش ہیں۔'
یہ بھی پڑھیے
بچیوں کی پیدائش جمعرات پانچ ستمبر کو ہوئی تھی اور اس کے ایک ہی روز بعد، یعنی جمعے کو راجراؤ کو اچانک فالج کا دورہ پڑا اور اس وقت وہ ایک مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بچیوں کی پیدائش کے بعد راجراؤ سے پوچھا گیا تھا کہ ان کی اور ان کی بیوی کی عمر زیادہ ہے اور اگر انھیں کچھ ہو گیا تو لڑکیوں کا خیال کون رکھے گا؟ اس کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے۔ جو ہونا ہے ہو کر رہے گا۔ یہ سب خدا کے ہاتھ میں ہے۔'
اس بے اولاد جوڑے کے ہاں بچوں کی پیدائش اس لیے بھی ضروری تھی کیونکہ ان کے مطابق بے اولاد ہونے کی وجہ سے وہ گاؤں میں خود کو کمتر سمجھتے تھے۔
منگیاما یارامتی نے بتایا کہ 'وہ (گاؤں والے) مجھے بانجھ کہتے تھے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم نے اس سے قبل بہت کوشش کی اور کافی ڈاکٹروں سے رجوع کیا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ہماری زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ ہے۔'
دونوں بچیوں کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی ہے۔
سنہ 2016 میں دلجندر کور نامی انڈین خاتون کے ہاں بھی ایک لڑکے کی پیدائش ہوئی تھی۔ دلجندر اس وقت 70 برس سے زائد عمر کی تھیں۔