انڈین ٹی وی کی مشہور بہو قتل کیس میں حراست میں

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM @DEVOLEENA
پانچ دسمبر کو انڈین ریاست چھتیسگڑھ کے رائے گڑھ ضلع کے نزدیک جنگلات سے ہیروں کے ایک تاجر کی لاش ملی تھی۔ اس معاملے میں ایک معطل پولیس اہلکار، ایک سیاستدان کے سابق سیکرٹری اور ایک اداکارہ کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پورا معاملہ کسی فلمی کہانی جیسا لگتا ہے۔
ممبئی کے تاجر راجیشور ادانی کے قتل کا معاملہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں حراست میں لیے جانے والوں میں سب سے مشہور نام ٹی وی اداکارہ دیوولینا بھٹا چاریہ کا ہے۔ معطل پولیس کانسٹیبل دینیش پوار سنہ 2014 کے ایک ریپ معاملے کی وجہ سے پہلے سے ہی پولیس حراست میں ہیں۔ ان سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ ان کے علاوہ سچن پوار نام کے ایک شخص کو بھی حراست مین لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دیوولینا ان چند افراد میں شامل ہیں جن سے مقتول نے قتل کے روز فون پر بات کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM @DEVOLEENA
دیوولینا بھٹاچاریہ کون ہیں؟
اداکارہ دیوولینا بھٹاچاریہ کو سٹار پلس چینل کے مقبول ڈرامے ’ساتھ نبھانا ساتھیا‘ میں گوپینامی بہو کے کردار سے خاصی شہرت ملی۔ وہ ایک تربیت یافتہ کلاسیکل ڈانسر بھی ہیں۔ سنہ 2011سے اپنے کریئر کی شروعات کرنے والی دیوولینا ’ڈانس انڈیا ڈانس‘ ٹی وی شو کے سیزن ٹو کے آڈیشن میں پہلی مرتبہ نظر آئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM @DEVOLEENA
انڈین ٹیلی ویژن پر انہوں نے ’سنوارے سب کے سپنے پریتو‘ نامی ایک ڈرامے سے شروعات کی تھی۔ ٹی وی ڈراموں میں وہ بہو کے کردار میں خوب سراہی گئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ دنوں بکینی سمیت چند دیگر بولڈ تصاویر کی وجہ سے وہ انٹرنیٹ پر سرخیوں میں بھی رہیں۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM @DEVOLEENA
ادانی قتل معاملہ
اب تک ہونے والی پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ چند ایسے بار ہیں جہاں ادانی معمول سے جایا کرتے تھے۔ سچن پوار کے ذریعہ وہ گلیمر کی دنیا سے منسلک متعدد خواتین سے بھی رابطے میں رہتے تھے۔ ستاون سالہ راجیشور ادانی اٹھائیس نومبر کو لاپتہ ہو گئے تھے۔
پولیس نے ان کی گمشدگی کا معاملہ درج کیا اور جب تلاش شروع کی تو ان کے موبائل کا ممبئی کے ایک علاقے میں ہونے کا پتہ چلا۔ لیکن کچھ ہی دیر میں موبائل سگنلز بند ہو گئے۔ جس کے بعد پولیس نے ادانی کے اغواء کا معاملہ درج کیا۔
ادانی کے ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ اس روز وہ پنت نگر نامی علاقے میں گاڑی سے اتر گئے تھے، جہاں ایک اور گاڑی آئی اور وہ اس میں بیٹھ کر چلے گئے۔
ایک ہفتے بعد ان کی لاش جنگلات میں سے ملی۔ اس معاملے میں پولیس اب تک دو درجن سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ پولیس اس گاڑی کی بھی تلاش کر رہی ہے جس میں ان کے ڈرائیور کے مطابق لاپتہ ہونے سے پہلے وہ بیٹھے تھے۔
دیوولینا کا اس کیس سے کیا تعلق ہے، اس بارے میں پولیس نے اب تک کھل کر کچھ نہیں بتایا ہے۔ لیکن اشارہ دیا جا رہا ہے کہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے منسلک مزید خواتین کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔








