آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایران میں بی بی سی کے اہلکاروں کے اثاثے منجمد
بی بی سی کی انتظامیہ نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بی بی سی فارسی سروس کے سٹاف کے ایران میں قابل منتقل اثاثوں کو منجمد کرنے کے عدالتی فیصلے کو فوراً ختم کرے۔
بی بی سی ورلڈ سروس کی ڈائریکٹر فرانسیسکا انزورتھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بی بی سی فارسی کے موجودہ، سابق اور معاون عملے کے ایران میں تمام اثاثوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
ایران کی عدلیہ کے ایک حکم کے مطابق بی بی سی سے منسلک تمام افراد کو ایران میں اپنے قابلِ انتقال اثاثوں، یعنی گھر، کار اور دوسری کارآمد اشیا کو بیچنے پر پابندی ہے۔
ایران میں بی بی سی کی تمام نشریات پر پابندی ہے اور اسے دیکھنے اور سننے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ پابندی کے باوجود بی بی سی فارسی سروس کو ایران میں بڑے پیمانے پر دیکھا اور سنا جاتا ہے اور سالانہ تیرہ ملین فارسی بولنے والے لوگ بی بی سی فارسی تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ بی بی سی فارسی سروس بی بی سی ورلڈ سروس کی ساتویں بڑی سروس مانی جاتی ہے۔
حالیہ برسوں میں ایرانی حکام کی جانب سے بی بی سی فارسی کے سٹاف اور ان کے رشتہ داروں کو ڈرانے دھمکانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
بی بی بی فارسی نے تہران کی جیل ایون کے شاہد موغاداس کورٹ ہاؤس سے منظور ہونے والے عدالتی حکم کی کاپی حاصل کی ہے جس کے مطابق بی بی سی سے منسلک 152 افراد کے جن میں اس کے موجودہ، سابق اور معاون عملہ بھی شامل ہے، ایران میں تمام قابلِ انتقال اثاثوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔
بی بی سی کو اس عدالتی حکم کا علم اس وقت ہوا جب بی بی سی فارسی سروس سے منسلک ایک صحافی کی ایما پر اس کے رشتے دار نے ایران میں اس کی جائیداد کو فروخت کرنے کی کوشش کی۔
ایران کی عدلیہ نے اس فیصلے کی کوئی توجیح پیش نہیں کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی ورلڈ سروس کی ڈائریکٹر فرانسیسکا انزورتھ نے کہا ہے کہ ایرانی عدلیہ کی جانب سے ایرانی شہریوں کو بی بی سی سے منسلک ہونے کی بیناد پر ان کو مالی اور قانونی حقوق سے محروم کرنے کا فیصلہ انتہائی 'ہولناک' ہے ۔
بی بی سی نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کو فوراً واپس لیں اور بی بی سی سے منسلک تمام افراد کے وہی مالی اور قانونی حقوق بحال کیے جائیں جو ان کے دوسرے ہم وطنوں کو حاصل ہیں۔
بی بی سی فارسی نے ایرانی عدلیہ کے اس حکم کو غیر جانبدار اور صحافیوں کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔
بی بی سی فارسی کے قائم مقام ایڈیٹر عامر عظیمی نے کہا ہے کہ بی بی سی کے صحافی آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور قابل اعتبار خبروں کو فارسی بولنے والوں تک پہچنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔