آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مودی تحائف کا انتخاب کیسے کرتے ہیں
- مصنف, مرزا اے بی بیگ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گذشتہ دنوں بہار کے دورے پر کہا تھا کہ انڈیا آنے والے مہمانوں کو تحفے میں تاج محل یا دوسرے میناروں کا نمونہ دینا ہندوستانی تہذیب سے ہم آہنگ نہیں ہے۔
انھوں نے اس ضمن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا 'پہلی بار ہم نے دیکھا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم جب باہر جاتے ہیں یا کوئی سربراہ مملکت انڈیا آتا ہے تو وہ انھیں گیتا اور رامائن تحفے میں دیتے ہیں۔'
خیال رہے کہ 'رامائن' اور 'گیتا' ہندوؤں کی مقدس کتابیں ہیں۔ انھوں نے یہ بات بہار کے معروف شہر دربھنگہ میں ایک خطاب کے دوران کہیں۔
بہار میں برسراقتدار جماعت آر جے ڈی کے ترجمان منوج کمار جھا نے یوگی آدتیہ ناتھ کی تاریخ کی فہم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا 'یہ ان کی تاریخ کی کج فہمی ہے جو وہ تاج محل کو غیر ہندوستانی سمجھتے ہیں۔'
ہندوستان کے معروف اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق بہار میں دوسری حمکراں جماعت جنتا دل (یو) کے قومی ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ 'میرے خیال میں تاج محل اتنا ہی خوبصورت ہے جتنا بنارس یا امرتسر۔ یوگی آدتیہ ناتھ ان اشتعال انگیز بیانات سے فرقہ وارانہ پولرائزیشن پیدا کرنا چاہتے ہیں۔'
یہ سچ ہے کہ نریندر مودی نے صدر اوباما کی ہندوستان آمد پر انھیں گیتا تحفے دی تھی اور جب وہ جاپان گئے تھے تو شاہ اکیہوتو اور وزیر اعظم شنزو ابے کے لیے گیتا لے گئے تھے۔ لیکن اگر ایک نظر ان کے تحائف پر ڈالیں تو یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعظم مودی کے تحائف کے انتخابات پر حیرت ہو سکتی ہے۔
انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز کے ریسرچ فیلو فضل الرحمان صدیقی نے بی بی سی کو بتایا کہ 'نریندر مودی اپنے تحائف بہت سنجیدگی سے منتخب کرتے ہیں۔ لیکن یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان کا داخلی اور خارجی سطح پر مختلف ایجنڈا ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے بتایا کہ 'جب وہ سعودی عرب گئے تھے تو وہ سعودی عرب کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے پیش نظر چیرامن کی جامع مسجد کا نمونہ یا نقش ثانی ساتھ لے گئے تھے۔'
اس مسجد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ انڈیا میں پہلی مسجد ہے جسے 629 عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا۔
اسی طرح جب نریندر مودی نے ایران کا دورہ کیا تو وہ ساتویں صدی کی خطِ کوفی میں تحریر کردہ نایاب قرآن مجید کا خصوصی طور پر تیار کردہ نسخہ تحفے میں لے گئے تھے۔
ازبکستان کے صدر کے لیے وہ ہندوستان کے 13ویں صدی کے معروف صوفی شاعر امیر خسرو کی تصنیف 'خمسۂ خسرو' کا نقش ثانی لے گئے تھے اور اسے بطور خاص تیار کرایا گیا تھا۔
اسی طرح جب وہ چین گئے تو مہاتما بدھ کی ایک پتھر کی مورت کے ساتھ ان کی بعض مقدس یادگار لے گئے تھے۔
آسٹریلیا گئے تو دیگر تحائف میں مہاتما گاندھی کا ایک چرخہ بھی شامل تھا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران انھوں نے مہاتما گاندھی کی ایک پینٹنگ تحفے میں دی تھی۔
ترکمنستان کے دورے پر انھوں نے خصوصی طور پر تیار کردہ گھوڑے کی ایک زین دی تھی جبکہ کرغستان گئے تھے تو انھوں نے ایک قالین تحفے میں دیا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈاکٹر محمد سہراب نے اس حوالے سے بی بی سی کو بتایا کہ خارجی اور داخلی سطح پر دو مختلف قسم کا ایجنڈا اپنایا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو دیے جانے والے تحائف سے یہ بات باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے انڈیا کثیر مذہبی سیکولر ملک ہے لیکن انڈیا میں ہندوتوا کا ایجنڈا نافذ کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ جاپان میں گیتا لے جانے پر ایک قسم کا تنازع بھی کھڑا ہوا تھا کہ اس کتاب کا تعلق بودھ مذہب سے تو نہیں ہے جو کہ جاپان میں اہمیت کا حامل ہے۔