چین: چڑیا گھر میں شیر کے ہاتھوں ایک شخص ہلاک

چین، چڑیا گھر

،تصویر کا ذریعہCHINA NEWS SERVICE

،تصویر کا کیپشنحملے کے خبر سن کر مقامی پولیس کے خصوصی دستے وہاں پہنچے اور اس شیر بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا

چین کے مشرقی شہر ننگبو کے چڑیا گھر میں شیروں کے احاطے میں گرنے والا ایک شخص شیروں کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔

اتوار کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں حملے کے خبر سن کر مقامی پولیس کے خصوصی دستے وہاں پہنچے اور اس شیر بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے جنھیں قریب کے ایک ہسپتال لے جایا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

ابھی تک اس بات کا بھی پتہ نہیں چل پایا ہے کہ آخر مذکورہ شخص جہاں شیر بند تھا اس احاطے میں داخل کیوں ہوا تھا، اس پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

چین کے سرکاری ٹیلیویژن سی سی ٹی وی کے مطابق اس واقعے کے بعد چڑیا گھر کو بند کر دیا گیا تھا جو پیر کے روز بھی بند ہی رہا۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق تقریبا دو بجے اس وقت پیش آیا جب چڑیا گھر آنے والے بہت سے دیگر لوگ بھی وہیں موجود تھے۔ اس میں سے بعض لوگوں نے شیر کے حملے کی ویڈیو بنائی اور اسے آن لائن پوسٹ بھی کیا۔

چین، چڑیا گھر

،تصویر کا ذریعہCHINA NEWS SERVICE

،تصویر کا کیپشناس واقعے کے بعد لوگوں سے چڑیا گھر کو خالی کروایا گيا

اس ویڈیو میں مذکورہ شخص کو زمین پر پڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ بظاہر ایک ٹائیگر ان کی گردن کو اپنے جبڑوں میں دبائے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے اور دوسرے شیر بھی اس کے آس پاس جمع ہوکر اسے گھیر رہے ہیں۔

شیر کے حملے کے بعد ہی شیر کے احاطے کی چہار دیواری کے آس پاس لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی جہاں لوگوں کی چیخ و پکار سنی جا سکتی تھی۔

مقامی سیاحتی حکام کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شخص ٹکٹ کے بغیر چڑیا گھر میں داخل ہونے کے لیے دیوار پر چڑھا تھا جہاں سے سے شیروں کے احاطے میں گر گیا۔

واقعے کے بعد چڑیا گھر کو سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

چڑیا گھر کے عملے نے شیروں کو پٹاخوں کے دھماکوں سے بھگانے کی کوشش کی۔ دو شیر تو وہاں سے ہٹ گئے لیکن حملہ آور شیر نے متاثرہ شخص کو نہیں چھوڑا۔ جس کے بعد اسے گولی مار دی گئی۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت تو ظاہر نہیں کی گئی لیکن بتایا گيا ہے کہ ادھیڑ عمر کا یہ شخض اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ چڑیا گھر تفریح کے لیے آیا تھا۔ سی سی ٹی وی نے اس شخص کا مختصر نام ژانگ بتایا ہے۔ ان کے ساتھ ان کے دوست لی بھی فیملی ساتھ میں تھی۔

گذشتہ برس جولائی میں بھی شیروں نے ایک لڑکی اور اس کی ماں پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ بیجنگ کے وائلڈ لائف پارک میں کار سے نیچے اتر پڑے تھے۔ اس واقعے میں ماں کی موت ہوگئی تھی۔