آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈین جھنڈے کے ڈور میٹ، ایمازون پر تنقید
انڈیا کی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی آن لائن سامان بیچنے والی کمپنی ایمازون کو انڈیا کے جھنڈے کے بنے ہوئے ڈور میٹ بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹویٹ میں ایمازون سے کہا ہے کہ وہ غیر مشروط معافی مانگے اور ان ڈور میٹس کی فروخت کو فوری طور پر روکے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ اگر ایمازون ایسا نہیں کرتی تو انڈیا ایمازون کے حکام کے انڈین ویزے منسوخ کر دے گا اور مزید ویزے جاری نہیں کرے گا۔
ایمازون نے کہا ہے کہ اس نے اپنی ویب سائٹ سے یہ ڈور میٹس ہٹا دیے ہیں۔
سشما سوراج نے ٹویٹ میں کینیڈا میں انڈین ہائی کمشن سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو ایمازون کے ساتھ اٹھائے۔
یہ ڈور میٹس ایمازون کی سائٹ پر ایک تھرڈ پارٹی بیچ رہی تھی۔ اس تھرڈ پارٹی نے ان ڈور میٹس کے بارے میں کہا تھا کہ یہ آسانی سے دھوئے جا سکتے ہیں۔
ایمازون کی ترجمان نے کہا کہ یہ مصنوعات اب برائے فروخت نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ ایمازون مختلف ممالک کے جھنڈوں سے بنے ڈور میٹس بیچتا ہے تاہم انڈیا میں اس کو جھنڈے کی بےحرمتی تصور کیا جاتا ہے اور ایسا کرنے پر جرمانہ اور سزا ہوتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ جولائی میں ایمازون اس وقت اسی قسم کے تنازعے کی زد میں آ گیا تھا جب اس نے ہندو دیوتاؤں کے ڈور میٹس فروخت کیے تھے۔