انڈیا: سپریم کورٹ کا سینیما گھروں میں قومی ترانہ بجانے کا حکم

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا کی سپریم کورٹ نے سینیما گھروں میں فلم دکھانے سے پہلے قومی ترانہ بجانے کا حکم دیا ہے۔
بدھ کو سپریم کورٹ کے ججوں نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ان احکامات پر دس دن کے اندر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور سینیما ہال میں موجود افراد قومی ترانے کے دوران کھڑے ہوں۔
یاد رہے کہ سنہ 1960 اور 1970 کی دہائی میں انڈیا کے سینیما گھروں میں قومی ترانہ بجایا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔
انڈیا کی ریاستوں میں قومی ترانہ بجانے کے حوالے سے کوئی یکساں قانون نہیں ہے اور 29 ریاستوں میں قومی ترانے کے حوالے سے اپنے قوانین ہیں۔
سنہ 2003 میں انڈیا کی مغربی ریاست مہارشٹر میں سینیما گھروں میں قومی ترانہ بجانے کو لازمی قرار دیا گیا لیکن گذشتہ سال مدراس کی ہائی کورٹ نے تامل ناڈو میں قومی ترانہ بجانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔
بدھ کو انڈیا کی سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا کہ تمام سینیما گھروں میں قومی ترانہ لازمی بجایا جائے اور قومی پرچم بھی دکھایا جائے۔
انڈیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ججوں نے کہا کہ 'عوام کو آزادی کے بارے میں اپنی زیادتی تصورات کی پیروی کے بجائے مشترکہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔'
عدالت کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر کھل کر رائے کا اظہار کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بعض افراد کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ غیر ضروری ہے جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی افراد نے اس فیصلہ کا مذاق بھی اڑایا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا میں ٹوئٹر پر قومی ترانے کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
گو کہ انڈیا میں قومی ترانے کے دوران لازماً کھڑے ہونے کا کوئی قانون نہیں ہے لیکن انڈیا کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ قومی ترانے کے دوران شائقین کھڑے ہوں۔
سینیما میں لوگوں سے باقاعدہ کہا جاتا ہے کہ وہ کھڑے ہو جائیں۔
انڈیا کے قومی ترانے پر بحث کا آغاز ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جو ملک میں عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ بھی خدشہ ہے کہ قومی ترانے کا 'احترام نہ کرنے پر' لوگوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔








