واہ فیکٹری میں کیا کچھ بنتا ہے؟ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے پینتالیس کلومیٹر کے فاصلے پر قصبے واہ میں واقع پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ملک میں روایتی اسلحے اور گولہ بارود کا سب سے بڑا پیدواری کمپلکس ہے۔ سن انیس سو اکاون میں قائم ہونے والے یہ کارخانے وفاقی وزارتِ دفاعی پیداوار کے ماتحت کام کرتے ہیں اور اس کے متعدد پیدواری یونٹس میں سے چالیس ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔ واہ میں واقع کارخانوں میں ہلکے اسلحے اور گولہ بارود کے علاوہ پاکستان کی مسلح افواج کی وردیاں بھی تیار ہوتی ہیں۔ یہاں تیار کیے جانے والا اسلحہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں تیار ہونے والے بھاری اسلحے میں الخالد ٹینک خاص طور پر قابل ذکر ہے جسے فوجی اسلحے کی نئی نمائشوں میں پیش کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں عام شکار کے لیے استعمال ہونے والے بارہ بور کارتوس اور کئی دیگر کمرشل اشیاء بھی تیار ہوتی ہیں۔ تقسیم کے وقت پاکستان کے حصے میں کوئی آرڈیننس فیکٹری نہیں آئی تھی کیونکہ اس وقت تک قائم ہونے والی تمام اسلحے کی فیکٹریاں بھارت کے حصے میں آئی تھیں۔ اسی بات کے پیشِ نظر پاکستان کے پہلے وزیر اعظم نوابزادہ لیاقت علی خان نے قیامِ پاکستان کے صرف چار ماہ بعد تھری ناٹ تھری رائفل اور اس کی گولیاں بنانے کا ایک یونٹ لگانے کے احکامات جاری کیے۔ واہ میں چار آرڈیننس یونٹس کا سنگِ بنیاد ملک کے دوسرے وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین نے رکھا تھا۔ اس وقت واہ میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے چودہ کارخانے ہیں جن میں سے ویپنز فیکٹری، مشین گن فیکٹری، سمال آرمز ایمیونیشنن فیکٹری، ٹینک ایمیونیشنن فیکٹری، میڈیم آرٹلری ایمیونیشنن فیکٹری، ہیوی آرٹلری ایمیونیشنن فیکٹری، براس مل، سٹیل فاؤنڈری اور یونیفارم فیکٹری اہم ہیں۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے چار ذیلی ادارے بھی ہیں جو واہ نوبل، واہ انڈسٹریز، ہائی ٹیک پلاسٹکس اور اٹک کیمیکلز کے ناموں سے کام کر رہے ہیں۔ سن انیس سو باسٹھ میں قائم ہونے والا ادارہ واہ نوبل سویڈن کی کمپنی ساب، سعودی عرب کے ادارے المی سہل اور پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا جائنٹ وینچر ہے۔ | اسی بارے میں واہ میں اسلحہ فیکٹری کے قریب دو خودکش حملے: تریسٹھ افراد ہلاک، سڑسٹھ زخمی21 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||