عبادالحق بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | عاشق مارتھ ان دنوں ڈی ایس پی ننکانہ صاحب تھے |
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف منشیات کیس کے تفتیشی افسر اور پنجاب پولیس کے ڈی ایس پی عاشق مارتھ کو نامعلوم افراد نےفائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا اقبال کے مطابق عاشق مارتھ کو گوجرہ میں ان کے ڈیرے پر ایک شخص اقبال عرف بالا نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق یہ قتل دوگروپوں کے درمیان خاندانی دشمنی کا نتیجہ ہے اور دونوں گروپوں کے کئی لوگ اس دشمنی کی وجہ سے قتل ہو چکے ہیں۔ عاشق مارتھ ڈی ایس پی انوسٹی گیشن ننکانہ صاحب تھے تاہم ان دنوں لاہور میں پولیس ہیڈاکوٹر میں تعینات تھے۔ انہوں نے ماضی میں سو بچوں کے قاتل جاوید اقبال کے خلاف مقدمہ کے تفتیش بھی کی تھی۔ عاشق مارتھ آصف علی زرداری کے خلاف منیشات کیس کے تفتیشی افسر رہے ہیں یہ مقدمہ نواز شریف کے دورِ حکومت میں سنہ انیس سو ستانوے میں ایک زیر حراست ملزم عارف بلوچ کے بیان کی روشنی میں درج ہوا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ آصف علی زرداری منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ اس مقدمے کی دیگر ملزمان عارف بلوچ اور شورنگ خان ہیں لیکن شورنگ خان کا چند سال قبل انتقال ہوگیا۔ آصف علی زرداری کے خلاف یہ واحد مقدمہ ہے جو ابھی تک عدالت میں زیر سماعت ہے جبکہ آصف زرداری کے خلاف دیگر تمام مقدمات حال ہی میں ختم ہوگئے ہیں۔ |