مظہر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن |  |
| | ’آج کامران خان کے ساتھ‘ جیو ٹی وی کا ایک مقبول پروگرام ہے |
پاکستان کے ایک بڑے نیوز چینل جیوٹی وی کے ایک مقبول پروگرام ’ آج کامران خان کے ساتھ’ پر پاکستان حکومت نے پابندی عائد کردی ہے۔ بی بی سی اردو کی عنبر خیری سے بات کرتے ہوئے کامران خان نے بتایا کے انہیں جمعرات کی رات پاکستان میں میڈیا کی نگرانی کا ادارے پیمرا سے ایک حکم نامہ موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کو فوراً بند کردیا جائے۔ کامران خان کے مطابق ایک روز قبل حکومت کی اعلیٰ ترین شخصیات نے اس پروگرام پر چینل کی انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ یہ ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو معطل کیے جانے کے بعد سے جیو پروگرام پر ہونے والے لائیو نشریات پر انہوں نے اصل صورتحال کو پینٹ کرنے کی کوشش کی اور یہ اسی کا ردعمل ہے۔ کامران خان کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی برداشت مکمل طور پر کھو چکی ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ جیوٹی وی کے مطابق کامران خان نے پروگرام کی بندش کو حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔  | | | جیو ٹی وی پر پابندی کے حوالے سے چلنے والی سلائیڈ کا عکس |
اسلام آباد سے بی بی سی کے ہارون رشید نے بتایا کہ جمعرات کی رات گیارہ بجے جب یہ پروگرام معمول کے مطابق شروع ہوا تو کامران خان نے اعلان کیا کہ حکومت کی پابندی کی وجہ سے یہ پروگرام نشر نہیں کیا جاسکتا۔ اس اعلان کے بعد انہوں نے دعا کی کہ خدا پاکستان کے حکمرانوں کو نصیحت دے کہ وہ صحیح فیصلے کریں۔ اس کے بعد ٹی وی کی سکرین بلیک ہوگئی اور تقریباً دس منٹ بعد جیو ٹی وی کی نشریات دوبارہ سے شروع ہوئیں۔ اس سلسلے میں جب وفاقی وزیراطلاعات محمد علی درانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نےکہ پیمرا کابینہ ڈویژن کے زیر انتظام ہے جبکہ وہ پالیسی سے منسلک ہیں اس لیے انہیں اس بارے میں بہت زیادہ معلومات نہیں ہیں اور وہ اس سلسلے میں مختلف لوگوں سے رابطہ کررہے ہیں۔ |