’منیر کےقاتل جلدگرفتار ہوں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ ظفر اقبال وڑائچ کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران قتل ہونے والے کیمرامین منیر سانگی کے قاتلوں کو حکومت جلد گرفتار کر لے گی۔ انہوں نے یہ بیان جمعہ کے روز قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے صحافیوں کے احتجاجی واک آؤٹ کے بعد دیا۔ واضح رہے کہ سندھی زبان کے ٹی وی چینل ’ کے ٹی این‘ کے کیمرا مین منیر سانگی کو گزشتہ پیر کے روز صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ اُنڑ اور ابڑو قبائل کے درمیان جاری لڑائی کی کوریج کر رہے تھے۔ صحافیوں کے واک آؤٹ کے بعد سپیکر قومی اسمبلی چودھری امیر حسین نے دو وزراء اعجاز الحق اور زاہد حامد کو صحافیوں کے پاس بھیجا۔ صحافیوں کے نمائندوں نے وزراء کو بتایا کہ پولیس نامزد ملزمان کو چار روز گزر جانے کے باوجود بھی گرفتار نہیں کر پائی ہے ۔ ان کے مطابق نامزد ملزمان میں صوبہ سندھ کی ایک بااثر حکومتی شخصیت کے محافظ بھی شامل ہیں اور پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ وزراء نے صحافیوں کا موقف جاننے کے بعد قومی اسمبلی کے ایوان میں یہ معاملہ اٹھایا جس پر وزارت داخلہ کے مملکتی وزیر نے بیان دیتے ہویے کہا کہ حکومت ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائے گی۔ وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد سپیکر کی درخواست پر صحافیوں نے واک آؤٹ ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں چار روز سے منیر سانگی کے قتل کے خلاف احتجاج ہورہا ہے لیکن تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ اس سلسلے میں گزشتہ بدھ کے روز اسلام آباد میں بھی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ | اسی بارے میں کیمرامین کی ہلاکت پر احتجاج31 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||