کوئی کیمپ نہیں ہے: دفترِ خارجہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ نٹور سنگھ کے اس دعوی کو مسترد کر دیا ہے جس میں بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان میں شدت پسندوں کے کیمپ اب تک قائم ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان بحال ہوتے ہوئے تعلقات کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ ایسے الزامات دونوں ممالک کے درمیان جاری امن مذاکرات کے عمل کے لیے فائدہ مند نہیں ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے کوئی تربیتی کیمپ موجود نہیں ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ کے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات ماضی کے اس دور کی روایت ہیں جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ تھے اور پاکستان کے خلاف سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے ایسے الزامات عائد کئے جاتے تھے۔ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ اب دونوں ممالک ماضی کے برعکس امن کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں اور تمام اختلافی اور دیرینہ مسائل بشمول جموں اور کشمیر کے حل کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ضروی ہے کہ دونوں ممالک کشمیر کے حل کے لیے معنی خیز مذاکرات کریں اور بھارت اپنے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنائے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||